پنجاب میں منشیات کے خلاف مہم چلانے والے پرویندر سنگھ کا قتل، میڈیکل اسٹور مالک نے ماری گولی
پرویندر سنگھ طویل عرصے سے علاقے میں منشیات کے کاروبار کے خلاف آواز اٹھا رہے تھے۔ وہ نہ صرف لوگوں کو منشیات فروخت کرنے سے روکتے تھے، بلکہ ملزموں کو پکڑنے کی کوشش بھی کرتے تھے۔

پنجاب کے مانسا میں منشیات کے خلاف مہم چلانے والے سماجی کارکن پرویندر سنگھ جھوٹا کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ الزام ہے کہ منگل کی صبح ایک میڈیکل اسٹور مالک نے ان پر تابڑ توڑ گولیاں چلائیں۔ گولیاں اتنے قریب سے ماری گئیں کہ جسم کے آر پار ہو گئیں۔ پرویندر سنگھ طویل عرصے سے علاقے میں منشیات کے کاروبار کے خلاف آواز اٹھا رہے تھے۔ وہ نہ صرف لوگوں کو منشیات فروخت کرنے سے روکتے تھے، بلکہ ملزموں کو پکڑنے کی کوشش بھی کرتے تھے۔ اسی وجہ سے اکثر و بیشتر تنازعہ ہوتا رہتا تھا۔ پرویندر سنگھ جھوٹا مانسا میں ’اینٹی ڈرگ ٹاسک فورس‘ نامی سماجی تنظیم چلاتے تھے۔ ان کا بنیادی مقصد علاقے میں منشیات کے بڑھتے ہوئے کاروبار پر روک لگانا اور نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنا تھا۔ وہ طویل عرصے سے اس مہم سے وابستہ تھے اور مقامی سطح پر منشیات کے خلاف سرگرم تھے۔
ابتدائی اطلاع کے مطابق پرویندر سنگھ نشہ آور ادویات کی فروخت کی مخالفت کرنے کے لیے میڈیکل اسٹور پہنچے تھے۔ اسی دوران اسٹور کے مالک سے بحث ہو گئی۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں میڈیکل اسٹور کا مالک پستول سے گولی چلاتا ہوا نظر آرہا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ ویڈیو جھوٹا نے خود ریکارڈ کی تھی۔ گولی لگنے سے جھوٹا شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ موقع پر موجود لوگوں نے انہیں اسپتال پہنچانے کی کوشش کی، لیکن شدید کی وجہ سے کچھ ہی دیر میں ان کی موت ہو گئی۔ پرویندر سنگھ جھوٹا کبڈی کے کھلاڑی بھی تھے۔ حالانکہ ان کا نام کئی تنازعات میں بھی سامنے آچکا تھا۔ ان کے خلاف آرمز ایکٹ سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج تھے اور وہ جیل بھی جا چکے تھے۔
2023 میں جھوٹا سے جڑا ایک معاملہ کافی سرخیوں میں آیا تھا۔ الزام تھا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ ایک میڈیکل اسٹور میں گھس گئے تھے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ اسٹور میں ممنوعہ کیپسول فروخت کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ اسٹور کی تلاشی لینے کی کوشش کی۔ یہ الزام بھی تھا کہ انہوں نے میڈیکل اسٹور بند کرا دیا اور اس کے مالک کے گلے میں جوتوں کا ہار ڈال کر اسے بازار میں گھماتے ہوئے پولیس اسٹیشن لے گئے۔ اس معاملے میں میڈیکل اسٹور کے مالک کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ وہیں جھوٹا کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا اور انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جھوٹا کو اس سے قبل 2009 میں قتل کی کوشش کے ایک معاملے میں بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کے خلاف کئی دیگر مقدمات درج ہونے اور مختلف مواقع پر گرفتار کیے جانے کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
