آندھرا: شراب نہیں ملی تو سینیٹائزر پی گئے کئی لوگ، 9 کی موت

آندھرا پردیش کے پرکاشم ضلع واقع سبھی گاؤں میں شراب کی دکانیں گزشتہ دس دنوں سے بند ہیں۔ ایسے میں شراب کے عادی کچھ لوگوں نے سینیٹائزر پینا شروع کر دیا جس سے کئی لوگوں کی موت ہو گئی۔

تصویر نوجیون
تصویر نوجیون
user

تنویر

آندھرا پردیش کے پرکاشم ضلع میں لاک ڈاؤن کے سبب شراب نہ ملنے کی وجہ سے سینیٹائزر کا استعمال کرنا کچھ لوگوں کے لیے مہلک ثابت ہو گیا۔ شراب کی طلب میں سینیٹائزر پینے کی وجہ سے 9 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ پولس نے جمعہ کو اس سلسلے میں بتایا کہ تین لوگوں کی موت جمعرات کو ہی ہو گئی تھی جب کہ 6 کی موت آج ہوئی ہے۔ یہ واقعہ پرکاش ضلع میں کروچیدو ڈویژن ہیڈکوارٹر کا ہے۔

لاک ڈاؤن کے سبب شہر اور اس کے آس پاس کے سبھی گاؤں میں شراب کی دکانیں گزشتہ دس دنوں سے بند ہیں۔ ایسے میں شراب کے عادی ان لوگوں نے سینیٹائزر کا ہی استعمال کرنا شروع کر دیا جس کا استعمال ہاتھوں کی صفائی کے لیے کیا جاتا ہے۔


بتایا جاتا ہے کہ مہلوکین میں تین بھکاری بھی شامل ہیں۔ ان میں سے دو یہیں واقع ایک مقامی مندر میں بھیک مانگا کرتے تھے۔ جمعرات کی رات ان کی پیٹ میں اچانک تیز جلن کا مسئلہ پیدا ہو گیا جس کے بعد ایک کی فوراً موت ہو گئی اور دوسرے کو دارسی میں اسپتال لے جایا گیا جہاں علاج کے دوران موت واقع ہو گئی۔

ایک دیگر 28 سالہ شخص نے دیسی شراب میں سینیٹائزر کو ملا کر اسے پیا جس کے بعد وہ اپنے گھر پر بیہوش ہو کر گر پڑا۔ اسپتال لے جانے کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ 6 دیگر لوگوں کو جمعہ علی الصبح اسپتال لے جایا گیا جہاں ان سبھی کی موت کی خبر دی گئی۔ پولس اب یہ پتہ لگانے کی کوشش م یں مصروف ہے کہ کیا اسی طرح کی شکایتوں کے ساتھ مزید لوگوں کو بھی اسپتال لے جایا گیا ہے یا نہیں۔


پولس سپرنٹنڈنٹ سدھارتھ کوشل نے واقعہ کی جانچ کا حکم صادر کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سینیٹائزر کو علاقے کی دکانوں سے ضبط کر لیا گیا ہے جنھیں اب کیمیائی تجزیہ کے لیے بھیجا گیا ہے۔ پولس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ کیا یہ سبھی صرف سینیٹائزر کا ہی استعمال کر رہے تھے یا کسی دیگر کیمیکل کے ساتھ بھی اس کو ملایا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 31 Jul 2020, 2:26 PM