آندھرا کی سیاست میں نیا تجربہ: جگن کی کابینہ میں 5 نائب وزرائے اعلیٰ!

آندھرا پردیش میں نو منتخب وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی حکومت نیا سیاسی تجربہ کرنے جا رہی ہے، وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن ریڈی کی حکومت میں 5 نائب وزرائے اعلیٰ بنائے جائیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: ایک غیرمعمولی قدم کے طور پر آندھراپردیش کے وزیراعلی و وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اپنی مکمل 25رکنی کابینہ میں 5 نائب وزرائے اعلی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دیگر 19 کابینہ وزیر ہوں گے۔ ہفتہ کونئی مجلس وزراء کی تشکیل ایک عوامی تقریب میں ہوگی۔

جمعہ کی صبح جگن موہن ریڈی نے وائی ایس آر مقننہ پارٹی کا اجلاس اپنی قیام گاہ پر طلب کیا جس پر انہوں نے اپنے 5نائبین کو مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ ان میں سے ایک کا تعلق درج فہرست ذات، ایک کا درج فہرست قبائل، ایک کا پسماندہ طبقہ، ایک کا اقلیتی طبقہ اور ایک کا ’کاپو‘ طبقہ سے ہوگا۔


علاوہ ازیں یہ پانچوں وزرائے اعلیٰ الگ الگ علاقوں یعنی رائل سیما، پرکاشم، کرشنا ڈیلٹا، گوداوری، وائزاگ کی نمائندگی کریں گے۔ جگن نے اپنے ارکان اسمبلی سے کہا کہ یہ کابینہ ریڈی طبقہ کی توقعات کے برعکس کمزور طبقات پر مشتمل ہوگی جن کو ایک بڑا حصہ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی وسط مدتی کارکردگی کا جائزہ لینے ڈھائی سال کے عرصہ کے بعدکابینہ کی تشکیل نو کی جائے گی۔

سابق وزیراعلی چندرابابو نائیڈو حکومت میں کاپو اور بی سی طبقات سے تعلق رکھنے والوں کو نائب وزرائے اعلی بنایا گیا تھا۔نئی حکومت کی جانب سے 5نئے نائب وزرائے اعلی بنائے جانے کے فیصلے کو ایک انقلابی قدم کے طور پر دیکھا جارہاہے۔


واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے ساتھ آندھرا پردیش کے اسمبلی الیکشن میں جگن موہن ریڈی نے 175 میں سے 151 سیٹوں پر جیت حاصل کی جبکہ این چندرابابو نائیڈو کی ٹی ڈی پی کو محض 23 سیٹوں پر ہی جیت حاصل ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Jun 2019, 9:10 PM