جھارکھنڈ میں ہریانہ جیسی واردات! چیکنگ کے دوران خاتون پولیس افسر کو گاڑی نے روند ڈالا، موقع پر ہی موت

ہریانہ میں ڈی ایس پی سریندر سنگھ کے بعد اب جھارکھنڈ کے رانچی میں بھی ایک خاتون انسپکٹر کا قتل کر دیا گیا، گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ایک پک اپ وین ڈرائیور انسپکٹر سندھیا ٹوپنو کو روند کر فرار ہو گیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

رانچی: ہریانہ کے بعد اب جھارکھنڈ کے رانچی ضلع میں گاڑی کی چیکنگ کے دوران ایک خاتون انسپکٹر کو پک اپ وین نے روند کر ہلاک کر دیا۔ تصادم اتنا زوردار تھا کہ خاتون پولیس اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ اسی دوران ڈرائیور جرم کا ارتکاب کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس معاملے میں ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔

یہ معاملہ رانچی ضلع کے توپودانا علاقے میں پیش آیا، جہاں 2018 بیچ کی پولیس ایس آئی سندھیا ٹوپنو بدھ کی صبح 3 بجے گاڑیوں کی چیکنگ کر رہی تھیں۔ اس دوران لیڈی پولیس افسر نے پک اپ وین کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن ڈرائیور نے گاڑی کی رفتار بڑھا کر خاتون انسپکٹر کو روند ڈالا۔ اس واقعے میں خاتون پولیس اہلکار کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اسی دوران ملزم پک اپ وین کا ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔


واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اسٹیشن انچارج سمیت کئی پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور انسپکٹر کی لاش کو قبضے میں لے لیا۔ اس کے بعد آس پاس کے علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کو سکین کیا گیا۔ پولیس نے اس معاملہ میں ایک ملزم کی گرفتاری اور گاڑی کی برآمدگی کی تصدیق کی ہے۔

رانچی کے ایس ایس پی کوشل کمار کا کہنا ہے کہ پولیس کو علاقے سے جانوروں کے اسمگلروں کے گزرنے کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔ اس بنیاد پر سڑک پر چیکنگ پوائنٹ لگایا گیا تھا۔ اس دوران ایک پک اپ وین ڈرائیور نے خاتون ایس آئی کو گاڑی سے ٹکر مار کر ہلاک کر دیا۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی جھارکھنڈ کے دھنباد میں آٹو ڈرائیوروں نے جج اتم کمار کو ٹکر مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب وہ صبح کی سیر کے بعد اپنی رہائش گاہ کی طرف لوٹ رہے تھے۔


ادھر، منگل کی دوپہر ہریانہ کے نوح ضلع میں پتھر کی غیر قانونی کانکنی کی تحقیقات کرنے گئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کو ڈمپر نے کچل کر ہلاک کر دیا۔ تاوڑو کے ڈی ایس پی سریندر سنگھ بشنوئی نے کاغذات کی جانچ کے لیے ڈمپر کو رکنے کا اشارہ کیا تھا لیکن ڈرائیور نے رفتار بڑھاتے ہوئے انہیں روند دیا۔ پولیس نے بتایا کہ زخمی افسر کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔