اے این-32 طیارہ حادثہ: ہلاک شدگان کی لاشوں کو تلاشنے کا کام جاری

محکمہ دفاع کے شیلانگ میں تعینات ونگ کمانڈر رتناكر سنگھ نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن میں جمعرات کو تین اور شہری کوہ پیماؤں کو شامل کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: اروناچل پردیش کے مغربی ضلع سيانگ میں فضائیہ کے 11 دن پہلے لاپتہ اے این۔ 32 طیارہ کا ملبہ ملنے کے بعد خراب موسم کے باوجود جمعہ کو مسلسل تیسرے دن ریسکیو آپریشن جاری رہا اور اب مرنے والوں کی لاشوں کی تلاش جاری ہے۔

آسام کے جورہاٹ سے اروناچل پردیش کے میچكا ایڈوانس لینڈنگ گراؤنڈ کے لئے گزشتہ تین جون کو پرواز بھرنے کے آدھے گھنٹے بعد ہی یہ طیارہ لاپتہ ہو گیا تھا۔ آٹھ دنوں کی تلاشی مہم کے بعد فضائیہ کے ایم آئی -17 ہیلی کاپٹر نے 11 جون کو طیارے کے ملبے کا پتہ لگایا تھا۔ اے این -32 طیارے میں عملہ کے ارکان سمیت 13 فوجی سوار تھے۔ فضائیہ نے جمعرات کو بتایا تھا کہ ان میں سے کوئی بھی زندہ نہیں ہے۔ اب ان کی لاشوں کی تلاش کی جا رہی ہے۔


محکمہ دفاع کے شیلانگ میں تعینات ونگ کمانڈر رتناكر سنگھ نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن میں جمعرات کو تین اور شہری کوہ پیماؤں کو شامل کیا گیا ہے۔ علاقے میں موسم خراب ہے، بارش ہو رہی ہے اور جس مقام پر طیارے کا ملبہ نظر آیا ہے وہ کافی دور افتادہ علاقہ میں ہے۔

فضائیہ کی طرف سے منگل کے روز لاپتہ طیارے کے ملبے کی شناخت کی گئی تھی۔ یہ لیپو سے 16 کلو میٹر شمال میں اور سمندر کی سطح سے 12000 فٹ کی بلندی پر موجود تھا۔ ملبے کا پتہ ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر سے 8 دنوں کے وسیع پیمانے پر چلائے گئے سرچ آپریشن کے بعد چلا تھا۔


اے این-32 طیارے نے آسام کے جوراہاٹ سے تین جون کو چین کی سرحد سے ملحق اروناچل پردیش کے شی یومی ضلع میں میچوکا ایڈوانسڈ لینڈنگ گراؤنڈ کے لئے پرواز بھری تھی لیکن پرواز کے 35 منٹ کے اندر ہی زمین سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔