امیٹھی: زمین کے تنازع پر خونی تصادم، 4 افراد قتل، 6 افراد زخمی

پولیس کے مطابق معاملہ ’گرام سماج‘ کی اراضی سے وابستہ ہے، جس پر یادو طبقہ کے دو دھڑے متصادم ہو گئے۔ علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور ملزمان کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

امیٹھی: اتر پردیش کے امیٹھی میں ’گرام سماج‘ کی زمین کا تنازعہ خونریزی میں بدل گیا۔ اس کے بعد ایک خاندان نے دوسرے خاندان پر لاٹھیوں اور تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔ اس لڑائی میں 4 افراد ہلاک ہو گئے۔ جبکہ 6 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

معاملہ امیٹھی کے گنگواچھ کے راجا پور کوہار کا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہاں رہنے والے سنکٹا پرساد کے گھر کے پاس گرام سبھا کی زمین پڑی ہے۔ گاؤں کے رام دلارے، برجیش اور اکھلیش زبردستی اس پر قبضہ کر رہے تھے۔ جب سنکٹا پرساد نے انکار کیا تو قابضین نے سنکٹا پرساد اور ان کے اہل خانہ پر حملہ کر دیا۔


معلومات کے مطابق حملہ آوروں نے سنکٹا پرساد، ہنومان یادو، دھنو دیوی، نائکا دیوی، راجکمار یادو، اشوک کمار کو لاٹھیوں سے مارا پیٹا اور تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ اس حملے کے بعد سب کو ہسپتال لے جایا گیا۔ جہاں علاج کے دوران سنکٹا یادو، ہنومان یادو، امریش یادو اور پاروتی یادو کی موت ہو گئی۔

اطلاع ملتے ہی پولیس کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ جبکہ زخمیوں کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔

پولیس کے مطابق یہ معاملہ گرام سماج کی زمین سے جڑا ہے، جس کو لے کر دونوں فریقوں کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا۔ حال ہی میں پولیس نے دونوں فریقین میں صلح بھی کرائی تھی۔ واقعہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی نظر آ رہی ہے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */