مغربی بنگال میں یکم ستمبر سے سبھی کام بنگالی زبان میں ہوں گے، وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری نے کیا اعلان
وزیر اعلی سوویندو ادھیکاری نے کہا کہ مرکزی حکومت اور دیگر ریاستوں کے ساتھ ہونے والے خط و کتابت میں بھی بنگالی زبان کا استعمال کیا جائے گا۔

مغربی بنگال کے وزیر اعلی شبیندو ادھیکاری نے پیر کے روز ریاستی اسمبلی میں ایک اہم اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مغربی بنگال حکومت یکم ستمبر سے اپنے سبھی سرکاری کام کاج بنگالی زبان میں کرے گی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ یکم ستمبر 2026 سے ریاستی حکومت میں ہر سطح پر بنگالی زبان کا استعمال لازمی ہوگا۔ وزیر اعلی شبیندو ادھیکاری نے کہا کہ مرکزی حکومت اور دیگر ریاستوں کے ساتھ ہونے والے خط و کتابت میں بنگالی زبان کا استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ مرکزی حکومت کے ساتھ رابطے کے لیے بنگالی زبان کے ساتھ ساتھ ہندی زبان کا بھی استعمال کیا جائے گا۔
شبیندو ادھیکاری نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے مغربی بنگال کے اپنے 3 روزہ دورے کے دوران انہیں بنگالی زبان میں ایک خط لکھا تھا۔ اس خط میں امت شاہ نے ریاستی انتظامیہ کے ہر سطح پر بنگالی زبان کے وسیع پیمانے پر استعمال کے لیے اقدامات کرنے پر زور دیا تھا۔ خط میں لکھا تھا کہ بھارتیہ جن سنگھ کے بانی شیاما پرساد مکھرجی کا پختہ یقین تھا کہ ہندوستانی زبانوں کو انتظامیہ، تعلیم اور عوامی زندگی میں ان کا مناسب مقام دیا جانا چاہیے۔ اس سے ایک دن قبل مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کولکتہ میں ’میوزیم آف ورڈ‘ کا افتتاح بھی کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے اپنی مادری زبان کے علاوہ کم از کم ایک اور ہندوستانی زبان سیکھنے پر زور دیا تھا۔ انہوں نے ملک کی تہذیبی شناخت کو برقرار رکھنے کے لیے لسانی تنوع کو برقرار رکھنے کی وکالت کی تھی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
