خراب موسم کے سبب سری نگر ہوائی اڈے پر تمام پروازیں منسوخ

ائیر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ سری نگر ہوائی اڈے پر فی الوقت صبح کی 8 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ دو پروازوں کو موخر کیا گیا ہے۔

سری نگر ہوائی اڈہ، تصویر یو این آئی
سری نگر ہوائی اڈہ، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: خراب موسمی حالات کے پیش نظر سری نگر ہوائی اڈے پر بدھ یعنی آج بھی صبح کی تمام پروازوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔ ادھر حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے احتیاط کریں۔

بتادیں کہ وادی کا ملک کے ساتھ گزشتہ روز یعنی منگل کو بھی خراب موسمی حالات کی وجہ سے فضائی رابطہ منقطع رہا تھا۔ ائیر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ سری نگر ہوائی اڈے پر فی الوقت صبح کی 8 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ دو پروازوں کو موخر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روشنی میں بہتری واقع ہوتے ہی فضائی ٹرانسپورٹ کو بحال کیا جائے گا۔


دریں اثنا برف باری کے پیش نظر حکام نے لوگوں سے سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر سفر اختیار کرنے سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ رام بن نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سری نگر – جموں قومی شاہراہ اور دیگر رابطہ سڑکوں پر چلنے پھرنے سے پرہیز کریں۔

قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں منگل کی شام سے ہی رک رک کر برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس سے بالائی علاقوں میں جہاں بجلی کا نظام درہم وبرہم ہوگیا ہے وہیں کئی رابطہ سڑکیں بھی بند ہوگئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی میں آٹھ جنوری تک موسم کی صورتحال جوں کی توں رہ سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔