دہلی میٹرو کے تمام اسٹیشن دوبارہ کھلے، 4 دنوں بعد مسافروں کو ملی راحت
دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ دہلی میٹرو نیٹ ورک کے تمام اسٹیشنوں پر مسافروں کے داخلہ اور اخراج، دونوں خدمات معمول کے مطابق بحال کر دی گئی ہیں۔

راجدھانی دہلی میں حالیہ احتجاجی مظاہروں کے دوران سیکورٹی وجوہات کے سبب بند کیے گئے تمام میٹرو اسٹیشن اب دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ دہلی میٹرو نیٹ ورک کے تمام اسٹیشنوں پر مسافروں کے داخلہ اور اخراج، دونوں خدمات معمول کے مطابق بحال کر دی گئی ہیں۔ گزشتہ 4 دنوں سے وسطی دہلی کے 18 اہم میٹرو اسٹیشنوں پر سیکورٹی پابندیاں نافذ تھیں۔ ان میں راجیو چوک، منڈی ہاؤس، سینٹرل سکریٹریٹ، جنپتھ، پٹیل چوک، لوک کلیان مارگ، نئی دہلی، شیواجی اسٹیڈیم، جھنڈے والان، رام کرشن آشرم مارگ، باراکھمبا روڈ، سپریم کورٹ، آئی ٹی او، دہلی گیٹ، اندرپرستھ، خان مارکیٹ، جور باغ اور سیوا تیرتھ اسٹیشن شامل تھے۔
ان اسٹیشنوں پر میٹرو ٹرینوں کی آمد و رفت جاری تھی، لیکن مسافروں کو نہ تو اسٹیشنوں میں داخل ہونے کی اجازت تھی اور نہ ہی باہر نکلنے کی۔ صرف انٹرچینج اسٹیشنوں پر لائن تبدیل کرنے کی سہولت برقرار تھی۔ اس صورتحال کی وجہ سے روزانہ دفاتر جانے والے ہزاروں افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ متعدد مسافروں کو آٹو رکشہ، بس اور ٹیکسی کا سہارا لینا پڑا، جبکہ سڑکوں پر ٹریفک میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔ ڈی ایم آر سی نے ہفتے کے روز ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اطلاع دی تھی کہ دہلی میٹرو نیٹ ورک کے تمام اسٹیشنوں کے داخلی اور خارجی دروازے مسافروں کے لیے دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پورے میٹرو نیٹ ورک پر خدمات معمول کے مطابق بحال ہو گئی ہیں۔
اسٹیشن کھلتے ہی راجیو چوک، سینٹرل سکریٹریٹ، منڈی ہاؤس اور نئی دہلی جیسے مصروف ترین اسٹیشنوں پر مسافروں کی آمد و رفت دوبارہ شروع ہو گئی۔ کئی دنوں بعد ان اسٹیشنوں پر معمول کے مطابق چہل پہل لوٹ آئی۔ ٹکٹ کاؤنٹرز اور اے ایف سی (آٹومیٹک فیئر کلیکشن) گیٹس بھی دوبارہ فعال ہو گئے، میٹرو اسٹیشنوں کے بحال ہونے پر مسافروں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ وسطی دہلی میں سیکورٹی پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہوگا اور روزانہ سفر کرنے والے لاکھوں مسافروں کو اب پہلے کی طرح بغیر کسی اضافی پریشانی کے میٹرو خدمات کا فائدہ پہنچے گا۔
