چھوٹے بھائی ابان کے جنازے میں شامل ہوں گے علی اور عمر، جیل سے سخت سیکورٹی میں پہنچیں گے پریاگ راج
پیرول کے تحت علی احمد اور عمر احمد دونوں کو ابان کے جنازے میں شامل ہونے اور اس کی تدفین مکمل ہونے تک پریاگ راج میں رہنے کی اجازت دی گئی ہے۔

سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد کے چھوٹے بیٹے ابان کی سڑک حادثے میں موت کے بعد اس کے جنازے اور تدفین کے عمل میں شامل ہونے کے لیے لیے جیل مین بند اس کے دونوں بھائیوں کو پریاگ راج لایا جائے گا۔ علی احمد اور عمر احمد کی پیرول منظور کر لی گئی ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق جھانسی جیل میں بند علی احمد اور لکھنؤ جیل میں بند عمر احمد کو آج رات 8 بجے تک پریاگ راج پہنچنا ہے۔ دونوں کو متعلقہ جیلوں سے ضلع پولیس اپنی نگرانی میں پریاگ راج لے کر آئے گی۔ میڈیا میں پہلے خبر آئی تھی کہ ابان احمد کی تدفین جمعہ کو ہوگی، پھر اہل خانہ کے صلاح و مشورہ کے بعد تدفین کا وقت ایک روز یعنی آج کے لیے بڑھا دیا گیا۔21 سالہ ابان احمد کی تدفین آج رات میں 8 بجے کے بعد پریاگ راج کے کساری مساری میں واقع خاندانی قبرستان میں کی جائے گی۔ یہ وہی جگہ ہے جہاں عتیق احمد، ان کے بھائی اشرف، والد فیروز اور بیٹے اسد کی قبریں موجود ہیں۔
ابان کی سڑک حادثے میں موت کی خبر کے بعد خاندان میں سوگ کا ماحول ہے۔ خاندان کی طرف سے ابان کی آخری رسومات کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ پیرول کے تحت علی احمد اور عمر احمد دونوں کو ابان کے جنازے میں شامل ہونے اور اس کی تدفین مکمل ہونے تک پریاگ راج میں رہنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے بعد دونوں کو واپس متعلقہ جیلوں میں لے جایا جائے گا۔ دونوں بھائیوں کو پریاگ راج لانے کے دوران پولیس کے سخت حفاظتی انتظامات رہیں گے۔ اس کے علاوہ پولیس اور انتظامیہ کی نظریں ابان کی آخری رسومات کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے پر بھی رہیں گی۔
واضح رہے کہ جمعرات (6 جولائی) کو جھانسی-کانپور ہائی وے پر تیز رفتار کریٹا کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ابان احمد اور سونو کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور 3 دیگر نوجوان شدید زخمی ہو گئے تھے۔ حادثے کے بعد زخمیوں کو فوراً جھانسی میڈیکل کالج لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا علاج شروع کر دیا۔ دوسری جانب بھائی ابان احمد کی موت کی خبر جیسے ہی جھانسی جیل میں بند عتیق احمد کے بیٹے علی احمد کو ملی، تو وہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
