اعظم خان کی حفاظت کو لے کر اکھیلیش یادو کو تشویش
اکھیلیش یادو نے دعویٰ کیا ہے کہ اعظم خان کو غازی آباد جیل سے نامعلوم مقام پر لے جایا جا رہا ہے، جس سے ان کی حفاظت کو لے کر تشویش پائی جاتی ہے۔

سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما اکھیلیش یادو نے اعظم خان کو لے کر اہم دعویٰ کیا ہے۔ اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھیلیش یادو نے کہا ہے کہ اعظم خان کو غازی آباد جیل سے نکال کر نامعلوم مقام پر لے جایا جا رہا ہے۔ اکھیلیش نے اعظم خان کی حفاظت کو لے کر تشویش ظاہر کی ہے۔سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ کوئی غفلت نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اعظم خان کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔
قبل ازیں، سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی جنرل سکریٹری اور اتر پردیش کے سابق وزیر شیو پال سنگھ یادو نے کل یعنی12 نومبر کو اعظم خان سے ملاقات کے لیے غازی آباد کی ڈاسنا جیل کا دورہ کیا تھا۔ میٹنگ کے بعد شیو پال یادو نے الزام لگایا کہ انتظامیہ اعظم خان کو ہراساں کر رہی ہے اور ان کے خلاف درج تمام مقدمات جھوٹے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خان کو عدالت سے انصاف ملے گا۔
واضح رہے کہ سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعظم خان کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 31 اکتوبر کو حراست میں لیا تھا، اور وہ بھی اس کے فوراً بعد جب اعظم خان کو دو پین کارڈ سے متعلق ایک معاملے میں ضمانت ملنے کے بعد جیل سے رہا کیا گیا تھا۔ ای ڈی نے یہ کارروائی منی لانڈرنگ اور محمد علی جوہر یونیورسٹی کی تعمیر سے متعلق سرکاری فنڈز اور معاہدوں کے مبینہ غلط استعمال کے سلسلے میں کی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
