ہلدوانی ’شدھی کرن‘ معاملہ کو اکھلیش یادو نے ’سماجی تفریق کی بدترین شکل‘ قرار دیا
اکھلیش یادو نے اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں لکھا کہ ’’بی جے پی والوں اور ان کے ساتھیوں کو اسٹیج نہیں بلکہ اپنے آلودہ ذہن کو گنگا جل سے ’شدھی کرن‘ کرنا چاہیے۔‘‘

اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں ایک سیاسی ریلی کے بعد سیاسی ماحول پوری طرح گرما گیا ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی تقریر کے بعد رام لیلا میدان میں بنے اس اسٹیج کے مبینہ ’شدھی کرن‘ کا معاملہ طول پکڑ چکا ہے۔ اس واقعے کو لے کر سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے بھی سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اسے سماجی تفریق کی سب سے گھٹیا شکل قرار دیا ہے۔ اکھلیش یادو ںے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’بی جے پی کے دور حکومت میں سماجی تفریق کی یہ بدترین شکل ہے کہ ہلدوانی میں جس اسٹیج پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کا خطاب ہوا، بعض تسلط پسند لوگوں نے اس کا صرف اس لیے ’شدھی کرن‘ کیا کیونکہ کھڑگے جی دلت برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔‘‘
اکھلیش یادو نے اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’’بی جے پی والوں اور ان کے ساتھیوں کو اسٹیج نہیں بلکہ اپنے آلودہ ذہن کو گنگا جل سے ’شدھی کرن‘ کرنا چاہیے۔ اب کہاں ہیں وہ نام نہاد لوگ جو سماجی ہم آہنگی کی بات کرتے ہیں مگر خود امتیاز برتتے ہیں اور جنہیں برابری پسند نہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’اب اس طرح کے ہر سماجی ناروا سلوک اور ذہنی اذیت کے خلاف پی ڈی اے سماج متحد ہو کر جواب دے گا۔ پی ڈی اے سماج اب اپنی توہین برداشت کرنے کے موڈ میں نہیں ہے۔‘‘
ہلدوانی ’شدھی کرن‘ معاملے پر پارلیمانی احاطے میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ’’ہلدوانی میں جو ہوا وہ ملک کے لیے ٹھیک نہیں ہے اور یہ ملک کو تقسیم کرنے کا کام کرتا ہے۔ اگر بی جے پی کے اصولوں پر یقین رکھنے والے لوگ مذہب کے نام پر ’شدھی کرن‘ کرتے ہیں تو یہ ملک کو برباد کرنے والے لوگ ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’میں اس رویے کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ ہلدوانی میں ’شدھی کرن‘ کرنے والے تمام لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، انہیں گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ ہلدوانی ریلی کے بعد ’شری رام سینا دھرمارتھ سیوا نیاس‘ کی جانب سے رام لیلا میدان میں ’شدھی کرن یگیہ‘ کرایا گیا تھا۔ تنظیم کے اراکین نے کھڑگے کو سناتن اور ہندو تنظیموں کا مخالف قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جس میدان میں رام لیلا کا انعقاد ہوتا ہے، وہاں ایسے شخص کے آنے کے بعد میدان کی تطہیر کیا جانا ضروری تھا۔ اب کانگریس کے درج فہرست ذات مورچہ نے اس پورے واقعہ کو دلت مخالف ذہنیت قرار دیتے ہوئے بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس کا الزام ہے کہ شدھی کرن یگیہ بی جے پی سے وابستہ لوگوں نے کرایا ہے۔ پارٹی لیڈران نے سوال اٹھایا ہے کہ آخر کانگریس کی ریلی کے بعد ہی رام لیلا میدان کے ’شدھی کرن‘ کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
