پرتیک یادو کے انتقال پر اکھلیش یادو اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا اظہار تعزیت

لکھنؤ کے ’کے جی ایم یو‘ میں پرتیک یادو کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا جس کی مکمل ویڈیو گرافی بھی ہو گی۔ اس عمل کے لیے 4 ڈاکٹروں کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>پرتیک یادو، تصویر سوشل میڈیا، بشکریہ&nbsp;<a href="https://x.com/yadavakhilesh">@yadavakhilesh</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

سماجوادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو کے بیٹے پرتیک یادو کا بدھ (13 مئی) کی صبح انتقال ہو گیا ہے۔ وہ محض 38 سال کے تھے اور ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ’کے جی ایم یو‘ بھیج دیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی ان کی موت کی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی۔ پرتیک یادو کے انتقال پر بڑے بھائی اکھلیش یادو اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سمیت کئی سرکردہ لیڈران نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے چھوٹے بھائی پرتیک یادو کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’’پرتیک یادو جی کا انتقال، انتہائی افسوسناک! بھگوان ان کی روح کو سکون عطا فرمائے۔ عاجزانہ خراج عقیدت۔‘‘


اکھلیش یادو کے علاوہ ریاستی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی پرتیک یادو کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اپنی تعزیت پیش کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ، ’پدم وبھوشن‘، آنجہانی ملائم سنگھ یادو جی کے بیٹے اور یوپی ریاستی خواتین کمیشن کی نائب صدر اپرنا یادو کے شوہر پرتیک یادو کا اچانک انتقال انتہائی افسوسناک ہے۔ عاجزانہ خراج عقیدت۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’میری تعزیت سوگوار خاندان کے ساتھ ہے۔ پربھو شری رام سے دعا ہے کہ ان کی روح کو سکون اور غم زدہ لواحقین کو اس عظیم دکھ کو برداشت کرنے کی طاقت فراہم کریں۔‘‘

اکھلیش یادو اور یوگی آدتیہ ناتھ کے علاوہ اتر پردیش بی جے پی کے صدر اور مرکزی وزیر مملکت پنکج چودھری نے بھی پرتیک یادو کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ، پدم وبھوشن آنجہانی ملائم سنگھ یادو جی کے بیٹے اور اتر پردیش خواتین کمیشن کی نائب صدر اپرنا یادو کے شوہر پرتیک یادو کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ اس مشکل وقت میں میری گہری تعزیت سوگوار خاندان کے ساتھ ہے۔ بھگوان ان کی روح کو سکون دے اور خاندان کو اس دکھ کو برداشت کرنے کی طاقت عطا فرمائے۔‘‘


قابلِ ذکر ہے کہ لکھنؤ کے ’کے جی ایم یو‘ میں پرتیک یادو کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا جس کی مکمل ویڈیو گرافی بھی ہو گی۔ اس عمل کے لیے 4 ڈاکٹروں کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو اور پرتیک یادو کی اہلیہ اپرنا یادو کے بھائی پہلے ہی ہسپتال پہنچ چکے ہیں۔ پرتیک یادو کے اچانک انتقال سے سیاسی و سماجی حلقوں سمیت ہر شخص کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔