اکھلیش نے نتیش کمار کے فیصلہ کو بہار کی تاریخ کا سب سے بڑا ’اغوا‘ قرار دیا، این ڈی اے کی ساتھی پارٹیوں کو کیا آگاہ
اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ بہار کی تاریخ کا سب سے بڑا اغوا ہے۔ یہ دیکھنے میں تو سیاسی اغوا ہے، لیکن دراصل یہ بہار کا معاشی اغوا ہے۔ بی جے پی نے تو تاوان میں پورا بہار مانگ لیا۔
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے راجیہ سبھا جانے کے فیصلہ کو بہار کی تاریخ کا سب سے بڑا اغوا قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے تو تاوان میں پورا بہار ہی مانگ لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بی جے پی کی دیگر اتحادی پارٹیوں کو بھی خبردار کیا ہے۔ اکھلیش یادو نے نتیش کمار کے راجیہ سبھا جانے کے فیصلہ پر جنتا دل (یو) کے کارکنوں کی جانب سے پارٹی دفتر میں توڑ پھوڑ کرنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’’بہار کی تاریخ کا سب سے بڑا اغوا! یہ بظاہر سیاسی اغوا دکھائی دیتا ہے، لیکن دراصل یہ بہار کا معاشی اغوا ہے۔ بی جے پی نے تو تاوان میں پورا بہار مانگ لیا ہے۔ اگلا نمبر… سمجھدار کو اشارہ کافی ہے۔‘‘
اس سے قبل آر جے ڈی کے رکن پارلیمنٹ منوج جھا نے بھی جمعرات کو نتیش کمار کے راجیہ سبھا کا انتخاب لڑنے کے اعلان پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنتا دل یو کے لیڈر کی جانب سے ’ایکس‘ پر کی گئی پوسٹ کا مسودہ غالباً ’دہلی دربار‘ میں تیار کیا گیا ہے۔ جھا نے یہ بھی کہا کہ بہار کی عوام نتیش کے اس قدم کا جواب دے گی۔ منوج جھا نے کہا کہ ’’اس پوسٹ کو پڑھنے کے بعد میں پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ یہ انہوں نے خود نہیں لکھی ہے۔ یہ پوسٹ دہلی میں تیار کی گئی ہے۔ اگر آپ بہار کے کسی 10 سال کے بچے سے بھی اس پوسٹ کے بارے میں پوچھیں گے تو وہ ’دہلی دربار‘ کی طرف اشارہ کرے گا۔‘‘ آر جے ڈی لیڈر نے یہ بھی کہا کہ جنتا دل یو کے ’سخت حامی‘ اس قدم سے ’دُکھی‘ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ یہ اختتام نہیں ہے۔ انہوں نے (بی جے پی نے) ’شندے ماڈل‘ کو نئے انداز میں پیش کیا ہے… لیکن بہار مختلف ہے۔‘‘
واضح رہے کہ جمعرات کو نتیش کمار اور بی جے پی کے صدر نتن نوین سمیت نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے 5 امیدواروں نے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے اپنا نامزدگی پرچہ داخل کیا۔ نامزدگی سے قبل نتیش کمار نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کر کے راجیہ سبھا جانے کے اپنے فیصلہ کی اطلاع دی۔ این ڈی اے کے دیگر امیدواروں میں بہار میں بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری شیویش کمار، جنتا دل یو کے رام ناتھ ٹھاکر اور راشٹریہ لوک مورچہ کے اپیندر کشواہا شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔