دہلی کی ہوا بظاہر صاف، مگر حقیقی آلودگی 67 روز سے گزشتہ سال سے زیادہ: اجے ماکن
کانگریس کے سینئر رہنما اجے ماکن نے کہا کہ موسمی اثرات الگ کرنے پر دہلی کا حقیقی اے کیو آئی گزشتہ سال سے 9 پوائنٹس زیادہ ہے، جبکہ پی ایم 10 مسلسل 67 دن سے گزشتہ سال کی سطح سے اوپر برقرار ہے

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما اجے ماکن نے دہلی کی فضائی آلودگی سے متعلق تازہ تجزیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر موسمی اثرات کو اعداد و شمار سے الگ کر دیا جائے تو دہلی کی حقیقی فضائی آلودگی گزشتہ سال کے مقابلے میں مزید خراب نظر آتی ہے۔ ان کے مطابق شہر میں پی ایم 10 کی سطح مسلسل 67 دن سے گزشتہ سال کے انہی دنوں کے مقابلے میں زیادہ ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آلودگی میں یہ اضافہ محض موسمی تبدیلی کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک مستقل رجحان ہے۔
اجے ماکن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ویڈیو اور تحریری بیان میں کہا کہ ان کا تجزیہ 4 اگست صبح 10 بجے سے 5 اگست صبح 10 بجے تک کے اعداد و شمار پر مبنی ہے، جبکہ اس کا موازنہ گزشتہ سال 29 جولائی سے 12 اگست 2025 کے اوسط اعداد و شمار سے کیا گیا تاکہ ایک دن کے موسمی اتار چڑھاؤ کا اثر نتائج پر نہ پڑے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق دہلی کا اوسط اے کیو آٗی 70 ریکارڈ کیا گیا، جو بظاہر اطمینان بخش زمرے میں آتا ہے، لیکن موسمی اثرات الگ کرنے پر یہی ؎بڑھ کر 88 ہو جاتا ہے۔ ان کے مطابق اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نظر آنے والی بہتری دراصل موسم کی وجہ سے ہے، نہ کہ فضائی آلودگی میں حقیقی کمی کے باعث۔
اجے ماکن نے کہا کہ ’ڈی ویدرنگ‘ سے مراد ہوا، بارش اور درجہ حرارت جیسے موسمی عوامل کو ریاضیاتی طریقے سے اعداد و شمار سے الگ کرنا ہے تاکہ شہر کی اصل آلودگی کا اندازہ لگایا جا سکے۔ ان کے مطابق اسی تجزیے سے معلوم ہوتا ہے کہ دہلی کی حقیقی فضائی آلودگی مسلسل 67 دن سے گزشتہ سال کی سطح سے زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمی اثرات الگ کرنے کے بعد گزشتہ سال سے موازنہ رکھنے والے تمام 29 فضائی نگرانی مراکز میں اے کیو آئی مزید خراب پایا گیا اور اوسطاً نو پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ان کے مطابق مئی سے اب تک دستیاب اعداد و شمار میں ایک بھی دن ایسا نہیں آیا جب پی ایم 10 کی سطح گزشتہ سال سے کم رہی ہو، جبکہ ایک دن کے اعداد و شمار دستیاب نہیں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان 67 دنوں کے دوران پی ایم 10 میں اوسط فرق 15 مائیکروگرام فی مکعب میٹر رہا، جبکہ رواں سال کے 216 دنوں میں سے 143 دن ایسے رہے جن میں آلودگی گزشتہ سال سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔
اجے ماکن کے مطابق 42 میں سے 36 فضائی نگرانی مراکز پر پی ایم 2.5 اور 41 میں سے 24 مراکز پر پی ایم 10 کی سطح عالمی ادارۂ صحت کی محفوظ حد سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ موسمی اثرات الگ کرنے کے بعد بھی دہلی میں پی ایم 2.5 کی حقیقی سطح عالمی ادارۂ صحت کی محفوظ حد سے 2.3 گنا زیادہ ہے۔
