چھتیس گڑھ اسمبلی انتخاب سے قبل کانگریس نے ٹی ایس سنگھ دیو کو بنایا نائب وزیر اعلیٰ، بھوپیش بگھیل نے دی مبارکباد

بدھ کے روز چھتیس گڑھ کو لے کر کانگریس اعلیٰ کمان کی دہلی میں میٹنگ ہوئی تھی، اس کے بعد چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل اور ٹی ایس سنگھ دیو ملکارجن کھڑگے کی رہائش پر پہنچے تھے۔

<div class="paragraphs"><p>ٹی ایس سنگھ دیو، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

ٹی ایس سنگھ دیو، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

چھتیس گڑھ میں اسمبلی انتخاب رواں سال کے آخر میں کرائے جائیں گے اور اس سے پہلے کانگریس نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے سینئر پارٹی لیڈر ٹی ایس سنگھ دیو کو نائب وزیر اعلیٰ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ بدھ کے روز چھتیس گڑھ کو لے کر کانگریس اعلیٰ کمان کی دہلی میں میٹنگ ہوئی تھی۔ اس کے بعد ریاست کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل اور ٹی ایس سنگھ دیو کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی رہائش پر پہنچے تھے۔

کانگریس کے اس فیصلہ کی جانکاری کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے بھی دی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے جی نے ٹی ایس سنگھ دیو جی کو چھتیس گڑھ کا نائب وزیر اعلیٰ بنائے جانے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’وہ کانگریس کے وفادار رہنما اور قابل منتظم ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر ان کی خدمات سے ریاست کو بہت فائدہ ہوگا۔‘‘


اپنے ٹوئٹ کے آخر میں کے سی وینوگوپال نے عوام سے چھتیس گڑھ اسمبلی انتخاب میں کانگریس کو کامیاب بنانے کی اپیل بھی کی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے ’’ہمیں یقین ہے کہ چھتیس گڑھ کے لوگ کھڑگے جی اور راہل گاندھی جی کی قیادت میں کانگریس کو زبردست اکثریت کے ساتھ دوبارہ منتخب کریں گے۔‘‘

ٹی ایس سنگھ دیو کو نائب وزیر اعلیٰ مقرر کیے جانے کے بعد چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے انھیں مبارکباد پیش کی ہے۔ ایک ٹوئٹ میں بھوپیش بگھیل نے لکھا ہے کہ ’’ہیں تیار ہم۔ مہاراج صاحب کو نائب وزیر اعلیٰ کی شکل میں ذمہ داری دیے جانے کے لیے مبارکباد اور نیک خواہشات۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ 2018 کے اسمبلی انتخاب میں بھوپیش بگھیل اور ٹی ایس سنگھ دیو کی جوڑی نے کانگریس کو اقتدار دلانے میں اہم کردار نبھایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔