اگنی ویر اسکیم فوج کے خلاف ہے، اقتدار میں آئے تو پھاڑ کر کوڑے دان میں پھینک دیں گے: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے اڈانی اور امبانی کے حوالے سے ایک بار پھر پی ایم مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم مودی ان کے لیے پالیسیاں بناتے ہیں اور صرف صنعتکاروں کا قرض معاف کرتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی اور کنہیا کمار / ویڈیو گریب</p></div>

راہل گاندھی اور کنہیا کمار / ویڈیو گریب

user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا انتخابات 2024 کے لیے دہلی میں ہونے والے چھٹے مرحلے کی ووٹنگ سے قبل انتخابی مہم سے دہلی کی سیاسی فضا انڈیا الائنس کے حق میں نظر آ رہی ہے۔ کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے اپنی پوری طاقت لگا دی ہے۔ اسی کے تحت کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے جمعرات (23 مئی) کو شمال مشرقی دہلی لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کے امیدوار کنہیا کمار کے لیے دلشاد گارڈن میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا جس میں انہوں نے پی ایم نریندر مودی پر شدید حملہ کیا۔

راہل گاندھی نے کہا کہ اس الیکشن میں لڑائی آئین کے تحفظ کی ہے۔ ہندوستان کے کروڑوں لوگ کھڑے ہیں، کانگریس پارٹی کھڑی ہے، اگر آپ نے آئین کو بدلنے کی کوشش بھی کی تو آپ دیکھئے کیا ہوتا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ کنہیا کمار میں  کسانوں کی سمجھ ہے اور بین الاقوامی مسائل کی بھی سمجھ ہے۔ اگر کنہیا مجھ سے کہے کہ میں بایولوجیکل (حیاتیاتی) نہیں ہوں، مجھے پرماتما نے بھیجا ہے تو میں کہوں گا کہ بھائی یہ باہر مت کہہ دینا۔ لیکن مودی جی کہتے ہیں کہ میں بایولوجیکل نہیں ہوں، مجھے پرماتما نے بھیجا ہے۔ اگر کوئی راہ چلتا شخص یہ کہے کہ تو ہم کہیں گے کہ آپ جاؤ اپنا کام کرو اور ہمیں اپنا کام کرنے دو، لیکن پی ایم کی ایسی بات پر چمچے واہ واہ کرتے ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ جب ملک میں کورونا سے لوگ دم توڑ رہے تھے تو یہ تھالی بجانے اور ٹارچ جلانے کے لیے کہہ رہے تھے۔


راہل گاندھی نے مزید کہا کہ پرماتما نے جنہیں بھیجا ہے وہ صرف 22 لوگوں کے لیے کام کرتے ہیں۔ غریب عوام 24 گھنٹے ہاتھ جوڑ کر قرض معافی مانگتے ہیں، تعلیم مانگتے ہیں اور نریندر مودی صرف دیکھتے رہتے ہیں۔ وہ صرف امبانی اور اڈانی کے لیے اسکیمیں لاتے ہیں۔ صرف صنعتکاروں کا قرض معاف کر تے ہیں۔ راہل گاندھی نے اگنی ویر اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ فوج کے خلاف ہے۔ اگر ہماری حکومت بنی تو اسے پھاڑ کر کوڑے دان میں پھینک دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسے ختم کر نے والے ہیں کیونکہ یہ نریندر مودی لائے ہیں، یہ فوج نہیں لائی ہے۔

کانگریس کی مہالکشمی یوجنا کا حوالہ دیتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ 4 جون کے بعد جب انڈیا الائنس کی حکومت بنے گی تو خط غربت سے نیچے تمام خاندانوں کی فہرست بنائی جائے گی۔ کروڑوں لوگوں کے نام آئیں گے۔ اس کے بعد ہر خاندان میں سے ایک خاتون کو منتخب کریں گے جس کے اکاؤنٹ میں 4 جولائی کو 8500 روپے منتقل ہو جائیں گے۔ یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔ ہم ہر مہینے خواتین کے اکاؤنٹس میں 8500 روپے کھٹا کھٹ بھیجتے رہیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔