بینک کھاتہ منجمد کیے جانے کے خلاف ابھیشیک بنرجی کا کلکتہ ہائی کورٹ سے رجوع، 19 اگست کو ہوگی سماعت

ابھیشیک بنرجی نے بینک کھاتہ منجمد کیے جانے کے خلاف کلکتہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ وکیل نے قانونی طریقۂ کار پر عمل نہ کیے جانے کا دعویٰ کیا۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس دے کر 19 اگست کو سماعت مقرر کی

<div class="paragraphs"><p>ابھیشیک بنرجی / آئی اے این ایس</p></div>
i

کولکاتا: ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری اور ڈائمنڈ ہاربر سے لوک سبھا رکن ابھیشیک بنرجی نے پیر کو کلکتہ ہائی کورٹ کی یک رکنی بنچ سے رجوع کرتے ہوئے اپنے بینک کھاتے کو منجمد کیے جانے کے بینک حکام کے اقدام کو چیلنج کیا۔ یہ کارروائی ان کے امریکہ کے مجوزہ دورے سے عین قبل کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے آنکھوں کے علاج کے لیے انہیں بیرونِ ملک سفر کی اجازت دی ہے۔

ابھیشیک بنرجی کے وکیل ایان بھٹاچاریہ نے جسٹس کرشن راؤ کی یک رکنی بنچ کے سامنے یہ عرضی داخل کی۔ اپنی درخواست میں وکیل نے استدعا کی کہ بیرونِ ملک سفر سے ٹھیک پہلے ان کے موکل کے بینک کھاتے پر رقم نکالنے سے متعلق پابندیاں عائد کر دی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بینک حکام نے کھاتہ منجمد کیے جانے کی وجہ بھی ابھیشیک بنرجی کو نہیں بتائی۔

وکیل نے عدالت سے معاملے کی فوری سماعت کی درخواست کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس)، 2023 کی دفعہ 107 کے تحت مقررہ طریقۂ کار پر عمل کیے بغیر بینک حکام کسی شخص کا بینک کھاتہ کیسے منجمد کر سکتے ہیں۔


انہوں نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ دفعہ کے مطابق پولیس کو کسی بینک کھاتے کو منجمد کرنے کے لیے پہلے متعلقہ مجسٹریٹ کے سامنے درخواست دینی ہوتی ہے۔ ابھیشیک بنرجی کے وکیل کا موقف تھا کہ اس معاملے میں اس قانونی طریقۂ کار پر عمل نہیں کیا گیا۔

جسٹس کرشن راؤ نے عرضی قبول کرتے ہوئے دریافت کیا کہ کیا ابھیشیک بنرجی کے خلاف کوئی تحقیقات جاری ہیں۔ اس پر ان کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل عدالت کے حکم کے مطابق تحقیقات میں تعاون کر رہے ہیں، تاہم اس کا بینک کھاتہ منجمد کیے جانے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

دلائل سننے کے بعد جسٹس راؤ نے معاملے سے وابستہ تمام فریقوں کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے معاملے کی اگلی سماعت 19 اگست کو مقرر کی ہے۔ ابھیشیک بنرجی، مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کے بھتیجے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس (سی جے آئی) سوریہ کانت کی سربراہی والی تین رکنی بنچ نے ابھیشیک بنرجی کو آنکھوں کے علاج کے لیے تین ہفتے کے لیے بیرونِ ملک سفر کی اجازت دی تھی اور کلکتہ ہائی کورٹ کے انکار کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔