عبد الحامد قریشی نے بطور تریپورہ چیف جسٹس حلف لیا

جسٹس عقیل عبد الحمید قریشی نے ہفتہ کے روز تریپورہ ہائی کورٹ کے پانچویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف لیا۔ قریشی اس سے قبل گجرات اور بمبئی ہائی کورٹ کے جج رہ چکے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اگرتلا: جسٹس عقیل عبد الحمید قریشی نے ہفتہ کے روز تریپورہ ہائی کورٹ کے پانچویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف لیا۔ قریشی اس سے قبل گجرات اور بمبئی ہائی کورٹ کے جج رہ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے کالجیم نے جب جسٹس قریشی کو چیف جسٹس بنائے جانے کی سفارش کی تھی تو مرکزی حکومت نے ان کا نام واپس کر دیا تھا لیکن کالجیم نے دوبارہ انہیں کے نام کی دوبارہ سفارش کر دی تھی۔

تریپورہ کے گورنر رمیش بیس نے یہاں کے پرانے راج بھون میں واقع دربار ہال میں ایک سادہ تقریب کے دوران نئے چیف جسٹس کو حلف دلایا۔ اس تقریب میں وزیر اعلی ویپلب کمار دیب، نائب وزیر اعلی جیشنو دیو ورما، کابینہ کے وزارء، دو دیگر جج سبھاشیش تلپاترا اور اریندم لودھ بھی موجود تھے۔


اس تقریب میں بمبئی ہائی کورٹ کے سات سیٹنگ ججوں اور گجرات ہائی کورٹ کے دو سیٹنگ ججوں کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین، سینئر پولس افسران، انتظامی افسران اور نیم فوجی دستے کے افسران نے بھی شرکت کی۔

چھ ماہ سے زائد عرصے تک زیر التوا رہنے کے بعد مرکزی وزارت قانون و انصاف کے تحت آنے والے محکمہ انصاف نے جسٹس قریشی کو تریپورہ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ گجرات ہائی کورٹ کے سینئر جج رہ چکے جسٹس قریشی یہاں آنے سے قبل بمبئی ہائی کورٹ میں جج تھے۔


خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور جسٹس ایس بوبڈے اورجسٹس این وی رمن پر مشتمل کولیجیم نے حکومت سے جسٹس قریشی کو سب سے پہلے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کی سفارش کی تھی، اس وقت قریشی گجرات ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج تھے۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کالیجیم کی جانب سے بھیجی گئی سفارش کو مرکزی حکومت کی طرف سے چیف جسٹس آف انڈیا کو نظرثانی کے لئے واپس بھیج دیا گیا تھا۔ بعد میں کالجیم نے نظر ثانی کرنے کے بعد 10 مئی کو دوبارہ جسٹس قریشی کے ہی نام کو آگے بھیجا اور کہا کہ انہیں تریپورہ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔