پشپا-2 کے پریمیئر شو کے دوران بے قابو ہوئی بھیڑ، بھگدڑ میں ایک خاتون کی موت، 2 زخمی
فلم کے پریمیئر شو کے دوران الّو ارجن کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے کثیر تعداد میں لوگ جمع ہو گئے تھے۔ بھیڑ کو قابو کرنے کے لیے انتظامیہ کو ہلکا لاٹھی چارج بھی کرنا پڑا۔

ویڈیو گریب
حیدر آباد: الّو ارجن کی فلم 'پشپا 2' کے پریمیئر شو کے دوران بدھ کی دیر رات بھیڑ کے بے قابو ہو جانے سے بھگدڑ مچ گئی۔ سندھیا تھیئٹر کے باہر مچی اس بھگدڑ کی زد میں آنے سے ایک خاتون کی موت اور 2 کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ دراصل ایسے حالات اس وقت پیدا ہوئے جب فلم کی اسکریننگ کے دوران اپنے چہیتے اداکار الّو ارجن کو دیکھنے کے لیے لوگوں کا ہجوم امڈ پڑا تھا۔
فلم کے پریمیئر شو کے دوران الّو ارجن کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے کثیر تعداد میں لوگ جمع ہو گئے تھے۔ بے قابو بھیڑ کو قابو کرنے کے لیے پولیس کو کافی مشقت کرنی پڑی۔ اس کے بعد انتظامیہ نے ہلکا لاٹھی چارج بھی کیا۔ اس دوران بھگدڑ مچ گئی جس میں ریوتی نامی ایک خاتون کی موت ہو گئی۔ وہ اپنے شوہر اور دو بچوں شری تیج (9) اور سنویکا (7) کے ساتھ پشپا-2 کا پریمیئر شو دیکھنے آئی تھی۔ جیسے ہی بھیڑ نے گیٹ سے دھکا دیا، شور کے بیچ ریوتی اور ان کے بیٹے شری تیج بیہوش ہو گئے۔
پولیس نے واقعہ کی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ 39 سالہ خاتون سندھیا تھیئٹر میں بیہوش ہو گئی تھی اور انہیں علاج کے لیے درگا بائی دیشمکھ اسپتال میں لے جایا گیا۔ حالانکہ وہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ شدید طور پر زخمی شری تیج کو اچھی دیکھ بھال کے لیے بیگم پیٹ کے کے آئی ایم ایس اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایک بچے سمیت دیگر زخمی شخص کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
اس پورے معاملے کا ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اور آس پاس کے لوگ متاثرہ کی مدد کے لیے دوڑتے نظر آ رہے ہیں۔ مبینہ طور پر اسپتال لے جانے سے پہلے ریوتی کو سی پی آر دینے کی کوشش کی گئی، لیکن وہ موقع پر ہی دم توڑ چکی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔