پہاڑ سے میدان تک آفت کا نظارہ، لینڈسلائیڈنگ سے کئی راستے بند، 12 سے زائد ریاستوں میں 4 دنوں تک بارش کا الرٹ
بہار اور نیپال میں مسلسل ہو رہی شدید بارش کے باعث ریاست کی بڑی ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ انتظامیہ نے پوری ریاست میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔

وسطی ہندوستان کے اوپر بننے والے کم دباؤ کے علاقے اور شمالی ہندوستان میں مغربی ہواؤں کے فعال ہونے کے سبب پہاڑوں سے لے کر میدانی علاقوں تک موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ دریاؤں میں طغیانی کے باعث بیشتر علاقے سیلاب کی زد میں ہیں، لینڈ سلائیڈنگ کے سبب 200 سے زائد سڑکیں بند ہیں اور کئی علاقوں کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ اس درمیان محکمہ موسمیات نے اگلے 4 دنوں تک شدید بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے 12 سے زائد ریاستوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اتراکھنڈ میں شدید بارش کے باعث آدی کیلاش اور چین کی سرحد کو جوڑنے والی تاواگھاٹ-گن جی سڑک 2 دن سے بند ہے، جس سے ویاس وادی کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ دارما اور چوڈاس وادی کو جوڑنے والی دھارچولا-تاواگھاٹ بارڈر روڈ پر بھی 8 گھنٹے تک آمد و رفت ٹھپ رہی۔ ریاست میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 150 سے زائد سڑکوں پر آمد و رفت متاثر رہی، جس کے سبب لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بدھ کو موسلا دھار بارش کے باعث چار دھام یاترا کے راستے پر بھی دن بھر آمد و رفت متاثر ہوتی رہی۔ کئی رابطہ سڑکیں بند ہونے سے کئی گاؤں الگ تھلگ ہو گئے ہیں۔
دوسری طرف جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں شدید بارش کے باعث سہار کھڈ میں سیلاب آ گیا اور آس پاس کے درجنوں گاؤں کا ضلعی ہیڈکوارٹر سے براہ راست رابطہ منقطع ہو گیا۔ کٹھوعہ میں 101.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اننت ناگ ضلع میں پہاڑی سے گرے پتھر کی زد میں ایک اینووا گاڑی کے آنے سے اڈیشہ کے ایک سیاح کی موت ہو گئی۔ مغربی ہواؤں کے اثر سے ہریانہ میں بھی قدرتی آفت دیکھنے کو ملی۔ ریاست کے انبالہ، روہتک، فریدآباد، پلول، کروکشیتر، کیتھل اور جیند کے کچھ علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔ یمنا نگر میں ہتھنی کنڈ بیراج کے قریب لاپتہ ناہن کی پیراٹروپر یونٹ کے 2 کمانڈوز میں سے ایک کمانڈو کی لاش دیر شام برآمد کر لی گئی۔ دوسرے کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔ سرچ ٹیم 2 ہیلی کاپٹروں کی مدد سے مسلسل تلاش میں مصروف ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بہار اور نیپال میں مسلسل ہو رہی شدید بارش کے باعث ریاست کی بڑی ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ انتظامیہ نے پوری ریاست میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔ روہتاس ضلع کے اندرپوری میں سون بیراج کے تمام 69 دروازے کھول دیے گئے ہیں، جس سے بڑی مقدار میں پانی چھوڑا جا رہا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
