یوپی کے بارہ بنکی میں پیش آیا دردناک حادثہ، تیز رفتار ڈمپر نے گھر کے باہر سو رہے خاندان کو کچلا، والد سمیت 3 بچوں کی موت

شدید گرمی کے سبب 35 سالہ نیرج اپنی اہلیہ اور 3 بچوں کے ساتھ گھر کے باہر سڑک کنارے سو رہے تھے۔ اسی دوران تیز رفتار ڈمپر پہلے سڑک کنارے ایک درخت سے ٹکرایا اور پھر بے قابو ہو کر خاندان کے اوپر چڑھ گیا۔

سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

اتر پردیش کے بارہ بنکی میں جمعہ کی دیر رات ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ فتح پور تھانہ علاقے کے فتح پور-محمود آباد روڈ پر واقع جھانسا گاؤں میں ایک تیز رفتار ڈمپر نے سڑک کنارے سو رہے ایک خاندان کو کچل دیا۔ اس حادثے میں والد اور 3 بچوں کی موت ہو گئی، جبکہ ان کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ رات کے تقریباً 2 بجے پیش آیا۔ شدید گرمی اور بجلی نہ آنے کے سبب 35 سالہ نیرج اپنی اہلیہ آرتی اور 3 بچوں کے ساتھ گھر کے باہر سڑک کنارے سو رہے تھے۔ اسی دوران تیز رفتار ڈمپر پہلے سڑک کنارے ایک درخت سے ٹکرایا اور پھر بے قابو ہو کر خاندان کے اوپر چڑھ گیا۔

حادثے کے بعد گاؤں میں چیخ و پکار مچ گئی اور موقع پر بھاری بھیڑ جمع ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر پہنچایا۔ حادثے میں نیرج اور ان کے 13 سالہ بیٹے انوراگ کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ جبکہ شدید طور پر زخمی 10 سالہ انشیکا، 6 سالہ آشو اور اہلیہ آرتی کو علاج کے لیے ضلع اسپتال بھیجا گیا، جہاں علاج کے دوران انشیکا اور آشو نے بھی دم توڑ دیا۔ شدید زخمی آرتی کی حالت نازک بنی ہوئی ہے اور انہیں لکھنؤ کے لوہیا اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔


لواحقین کے مطابق نیرج کرائے پر میجک گاڑی چلا کر خاندان کی کفالت کرتے تھے۔ ضلع اسپتال کے ای۔ایم۔او ڈاکٹر آنند نے بتایا کہ مریضوں کو صبح تقریباً 5:15 بجے ایمبولینس کے ذریعے اسپتال لایا گیا تھا۔ 2 بچوں کو شدید چوٹوں کے ساتھ مردہ حالت میں لایا گیا تھا۔ ایک خاتون کو بھی لایا گیا، جن کا پیر کچلنے کی وجہ سے شدید زخمی تھا اور ان کا علاج ابھی چل رہا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 35 سالہ نیرج، 13 سالہ انوراگ، 10 سالہ انشیکا اور 6 سالہ آشو شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیرج اور انوراگ کی موقع پر ہی موت ہو گئی تھی، جبکہ انشیکا اور آشو نے دورانِ علاج ضلع اسپتال میں دم توڑ دیا۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔