کولکاتہ-ممبئی ایئر انڈیا کی پرواز میں ٹیک آف سے قبل دھمکی آمیز نوٹ ملا!

کولکاتہ ایئرپورٹ سے پرواز کو صبح 10:20 پر اڑان بھرنی تھی، لیکن بیت الخلاء میں دھمکی آمیز نوٹ ملنے کے بعد افراتفری مچ گئی۔ نوٹ میں لکھا تھا کہ 11:10 بجے طیارہ کو ہائی جیک کر لیا جائے گا۔

<div class="paragraphs"><p>ایئر انڈیا کی پرواز / آئی اے این ایس</p></div>
i

کولکاتہ سے ممبئی کے لیے ٹیک آف کرنے سے قبل ایئر انڈیا کی پرواز کے بیت الخلاء میں طیارہ ہائی جیک کرنے کی دھمکی والا نوٹ ملا۔ اس واقعہ کے بعد تمام مسافروں کو طیارہ سے اتار دیا گیا۔ دھمکی آمیز نوٹ ملنے کے بعد سیکورٹی ایجنسیاں جانچ میں مصروف ہیں۔ ایئر انڈیا کے طیارہ کو ہوائی اڈہ کے آئسولیشن بے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایک افسر نے بتایا کہ بدھ (11 نومبر) کی صبح ٹیک آف سے قبل ممبئی جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز کے بیت الخلاء سے ہائی جیک کرنے کی دھمکی والا ایک نوٹ ملا، جس کے بعد سیکورٹی افسران نے طیارہ کو ایئرپورٹ کے ایک آئسولیشن بے میں پارک کر دیا۔

واضح رہے کہ کولکاتہ ایئرپورٹ سے اس پرواز کو صبح 10:20 پر اڑان بھرنی تھی، لیکن بیت الخلاء میں دھمکی آمیز نوٹ ملنے کے بعد افراتفری مچ گئی۔ نوٹ میں لکھا تھا کہ 11:10 بجے طیارہ کو ہائی جیک کر لیا جائے گا۔ جیسے ہی طیارہ کے اندر یہ نوٹ ملا، عملے نے فوراً اس کی اطلاع پائلٹ کو دی اور پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو الرٹ کر دیا، جس کے بعد مسافروں کو طیارہ سے اتار دیا گیا۔


کولکاتہ-ممبئی ایئر انڈیا کی اس پرواز میں کل 93 مسافر سوار تھے۔ اس کے علاوہ عملے کے 5 ارکان بھی موجود تھے۔ ایئر انڈیا کا ایئربس اے 320 این ای او کولکاتہ سے ممبئی کے لیے اڑان بھرنے کی تیاری کر چکا تھا۔ آخری لمحے میں بیت الخلاء سے دھمکی آمیز نوٹ ملنے کے بعد مسافروں کی سلامتی کے پیش نظر پرواز روک دی گئی اور انہیں طیارہ سے اتار لیا گیا۔ یہ طیارہ وستارا کی لیوریر کے ساتھ آپریٹ کیا جا رہا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف)، بم ناکارہ بنانے والے دستے اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں طیارہ اور مسافروں کے سامان کی باریک بینی سے تلاشی لے رہی ہیں۔ پولیس اور سیکورٹی ایجنسیاں ہوائی اڈہ اور طیارہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی کھنگال رہی ہیں، تاکہ یہ پتہ لگایا جا سکے کہ دھمکی آمیز پیغام کس نے لکھا تھا۔ اب تک ہوائی اڈے کی اتھارٹی کی جانب سے کوئی آفیشیل بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔