دہرادون واقع ایک فرنیچر ورکشاپ میں لگی خوفناک آگ، لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاک

ورکشاپ مالک کی سالوں کی محنت سے تیار فرنیچر، خام مال، اوزار اور دیگر سامان چند گھنٹوں میں ہی جل کر خاک ہو گئے۔ آگ کی لپٹیں اتنی اونچی اٹھ رہی تھیں کہ دور سے بھی صاف دیکھی جا سکتی تھیں۔

<div class="paragraphs"><p>آگ کی علامتی تصویر، آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

اتراکھنڈ کے دہرادون میں لکشمن چوک کے قریب بدھ کی دیر شب ایک فرنیچر ورکشاپ میں خوفناک آگ لگ گئی۔ شہر کوتوالی تھانہ حلقہ میں موجود اس ورکشاپ میں گزشتہ شب تقریباً 9.30 بجے لگی، جس نے دیر رات تک خوفناک شکل اختیار کر لی۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور ایک ہنگامہ برپا ہو گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ پورے ورکشاپ میں پھیل گئی۔ فرنیچر ورکشاپ میں لکڑی، پالش اور دوسرے بہ آسانی جلنے والے سامان موجود ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے آگ تیزی کے ساتھ پھیلتی ہی چلی گئی۔

بتایا جا رہا ہے کہ ورکشاپ مالک کی سالوں کی محنت سے تیار فرنیچر، خام مال، اوزار اور دیگر سامان سب چند ہی گھنٹوں میں جل کر خاک ہو گئے۔ آگ کی لپٹیں اتنی اونچی اٹھ رہی تھیں کہ دور سے بھی صاف نظر آ رہی تھیں۔ آگ لگنے کی خبر ملتے ہی علاقہ کے لوگوں نے فوراً فائر بریگیڈ کو مطلع کیا۔ اس مستعدی نے ایک بڑا حادثہ ہونے سے بچا لیا، ورنہ قریبی عمارتوں میں بھی آگ لگ پھیل جاتی۔ آگ کی خبر ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ 6 فائر ٹنڈر کی گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہو گئیں۔ کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا، لیکن فرنیچر ورکشاپ پوری طرح تباہ ہو چکا تھا۔


فائر بریگیڈ کے ایک افسر کشور اپادھیائے کے مطابق ابتدائی جانچ میں سامنے آیا ہے کہ ورکشاپ کے پاس ہی کوئی شادی تقریب تھی۔ غالباً وہاں سے کسی طرح چنگاری اڑ کر ورکشاپ میں رکھے ایسے سامان تک پہنچ گئی، جس نے فوراً آگ پکڑ لی۔ حالانکہ آگ لگنے کی حقیقی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہے۔ فرنیچر ورکشاپ کے مالک کو ہوئے نقصان کا اندازہ بھی لگایا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔