وادی کشمیر: پلوامہ میں چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے مزدور کا قتل

غیر ریاستی مزدور کی ہلاکت کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن چلایا تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ مہلوک مزدور ایک اینٹ بٹھے میں مزدوری کرتا تھا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے نہامہ پانپور میں بدھ کے روز نامعلوم اسلحہ برداروں نے چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے ایک مزدور کو ہلاک کردیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم اسلحہ برداروں نے بدھ کے روز نہامہ پانپور میں چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے سیٹھی کمار کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ سیٹھی کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ غیر ریاستی مزدور کی ہلاکت کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن چلایا تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک غیر ریاستی مزدور ایک اینٹ بٹھے میں مزدوری کرتا تھا۔


یہ جنوبی کشمیر میں رواں ہفتے کسی بھی غیر ریاستی شہری کی ہلاکت کا دوسرا واقعہ ہے۔ قبل ازیں نامعلوم اسلحہ برداروں نے ضلع شوپیاں کے شیر مال میں راجستھان سے تعلق رکھنے والے ٹرک ڈرائیور شریف خان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ ریاستی پولس نے ٹرک ڈرائیور کی ہلاکت کے واقعہ کے لئےملی ٹنٹوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ پولس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ہلاکت کے اس واقعہ میں جیش محمد اور حزب المجاہدین کے گروپ ملوث ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ وادی میں جاری نامساعد حالات کے باعث اگرچہ غیر ریاستی سیاح، طلاب و مختلف کاریگر وادی چھوڑ گئے ہیں لیکن اینٹ بھٹوں پر کام کرنے والے مزدور یہاں ابھی برابر ٹھہرے ہوئے ہیں اور دنیا و مافیہا سے بے خبر اپنے کام کے ساتھ مصروف ہیں۔


انتظامیہ نے اگرچہ یاتریوں اور سیاحوں کو یہاں سے نکالنے کے لئے انتظامات بھی کیے تھے اور انہیں مطلع بھی کیا تھا لیکن ان مزدوروں کا کسی نے حال دریافت کیا نہ کسی نے ان کو یہاں سے نکلنے یا یہیں انہیں تحفظ بہم پہنچانے کا کوئی بندوبست کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Oct 2019, 10:00 PM