دہلی کے شاستری پارک میں بلند مسجد کے پاس زبردست آتشزدگی، کئی جھونپڑیاں خاکستر، پورا علاقہ کیا گیا خالی

واقعہ بدھ کی دوپہر کا ہے جب گیس سلنڈر میں رساؤ کی وجہ سے اچانک دھماکہ ہو گیا، اطمینان بخش بات یہ ہے کہ اس واقعہ میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی ابھی تک موصول نہیں ہوئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی کے شاستری پارک میں بلند مسجد کے پاس زبردست آتشزدگی، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

دہلی کے شاستری پارک میں بلند مسجد کے پاس زبردست آتشزدگی، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

مشرقی دہلی کے شاستری پارک علاقے میں زبردست آتشزدگی کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ بلند مسجد کے پاس پیش آیا ہے اور اس آگ کی زد میں آ کر کئی جھونپڑیاں خاکستر ہو گئی ہیں۔ آگ بہت شدید تھی جس کو بجھانے کے لیے جائے حادثہ پر فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں پہنچیں اور کسی طرح آگ پر قابو پایا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فی الحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، لیکن بڑے پیمانے پر مالی نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر احتیاطاً پورے علاقے کو خالی کرا لیا ہے اور آگ کی شدت میں کمی لانے کی کوشش جاری ہے۔ دہلی فائر بریگیڈ سروس کے افسران کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز شاستری پارک علاقہ میں ایک جھگی میں آگ لگی تھی جو دھیرے دھیرے قریبی جھگیوں میں بھی پہنچ گئی۔


ابتدائی رپورٹ میں بتایا جا رہا ہے کہ آگ ایک گیس سلنڈر میں دھماکہ کے بعد لگی جو تیزی کے ساتھ پھیلتی ہی چلی گئی۔ واقعہ بدھ کی دوپہر کا ہے جب گیس سلنڈر میں رساؤ کی وجہ سے اچانک دھماکہ ہو گیا۔ اطمینان بخش بات یہ ہے کہ اس واقعہ میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی ابھی تک موصول نہیں ہوئی ہے۔ حالانکہ ابھی اس واقعہ کے تعلق سے تفصیل کا انتظار ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔