مظفر پور میں زبردست آتشزدگی، درجنوں گھر جل کر خاک، 3 افراد جاں بحق، زخمیوں کو اسپتال میں کیا گیا داخل

آتشزدگی واقعہ کے بعد علاقے میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا، یہ خبر جب پولیس محکمہ اور فائر بریگیڈ محکمہ کو ملی تو ٹیمیں بچاؤ و راحت کاری کے لیے پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع ہو گئیں۔

علامتی تصویر، آئی اے این ایس
علامتی تصویر، آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بہار کے ضلع مظفر پور میں جمعہ کے روز زبردست آتشزدگی کا واقعہ سامنے آیا جس میں تین افراد جھلسنے کی وجہ سے ہلاک ہو گیا۔ حادثہ کتھیا تھانہ حلقہ کے جسولی گاؤں میں پیش آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کھانا بنانے کے دوران ایک گھر میں آگ لگی جو تیزی کے ساتھ دیگر گھروں تک پھیل گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے درجنوں گھر آگ کی نذر ہو گئے۔

آتشزدگی واقعہ کے بعد علاقے میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ لوگ ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ اس کی خبر جب پولیس محکمہ اور فائر بریگیڈ محکمہ کو ملی تو ٹیمیں بچاؤ و راحت کاری کے لیے پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع ہو گئیں۔ اس حادثہ میں کئی افراد زخمی ہو گئے ہیں جنھیں علاج کے لیے قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ دو افراد کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ سنگین طور پر زخمی ہوئے ہیں اور اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔


جن تین افراد کی آتشزدگی واقعہ میں موت ہوئی ہے ان کی شناخت کر لی گئی ہے۔ ان کے نام حافظ میاں، ممنیش بیگم اور علینا بیگم بتائے جا رہے ہیں۔ ان کی موت کے بعد گھر والوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مہلوکین کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ موتی پور کے سی او روی کانت کا واقعہ کے تعلق سے کہنا ہے کہ کئی لوگوں کا گھر جل گیا ہے۔ جلد ہی متاثرہ کنبوں کو معاوضہ کی رقم دی جائے گی، اس کے لیے آگے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔