طلباء اور زائرین پر مشتمل 70 لوگوں کا قافلہ ایران سے ہندوستان واپس، اہل خانہ نے لی راحت کی سانس
خلیجی ممالک میں ہندوستانیوں کی بڑی تعداد رہتی ہے۔ یہ لوگ یا تو پڑھتے ہیں یا کام کرتے ہیں۔ وہیں ایران اور عراق میں مقدس مقامات کی زیارت کے لیے بھی پورے سال ہندوستانیوں کی آمدورفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
مغربی ایشیا میں جاری جنگ کے درمیان ایران میں موجود ہندوستانیوں کے لیے اچھی خبر ہے۔ ایران میں زیر تعلیم 70 سے زائد ہندوستانی طلباء اور کچھ زائرین بحفاظت وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ اتوار کی صبح جب ان کی پرواز نئی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتری تو طویل اور دباؤ بھرے سفر کے بعد ان کے چہروں پر راحت اور مسکراہٹ نمایاں تھی۔ ایران میں جاری جنگ کے دوران ان طلباء اور زائرین کو آرمینیا اور دبئی کے راستے ہندوستان لایا گیا۔ زیادہ تر طلباء کا تعلق جموں و کشمیر سے ہے جو ایران کی مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں۔
جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (جے کے ایس اے) کے قومی کنوینر ناصر کھویہامی نے ہفتے کے روز بتایا تھا کہ ہندوستانی طلباء اور زائرین کا یہ گروپ فلائی دبئی کی کمرشل پرواز سے ہندوستان واپس آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء آرمینیا کی راجدھانی یریوان کے زرٹنوٹس انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ۔ 8124 سے روانہ ہوئے تھے۔ اس سفر کا پہلا مرحلہ ہفتے کے روز یریوان سے دبئی تک کا تھا، جہاں پرواز شام 5 بجے(مقامی وقت) کے قریب پہنچی۔ اس کے بعد مسافر دبئی سے فلائی دبئی کی ایک دوسری پرواز ایف زیڈ۔441 سے روانہ ہوئے جو اتوار کی صبح نئی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچی۔
دہلی پہنچنے پر طلباء اور دیگر مسافروں نے راحت کی سانس لی۔ جنگ اور غیر یقینی صورتحال کے درمیان کئی دنوں کے تناؤ کے بعد بحفاظت گھر واپس آنے پر ان کے چہرے واضح طور پر خوشی سے بھرے ہوئے تھے۔ کچھ طالب علموں کا کہنا تھا کہ وہ پچھلے کچھ دنوں سے صورتحال سے مسلسل پریشان تھے اور ہندوستان واپسی کا بے تابی سے انتظار کر رہے تھے۔ جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس یونین نے اس پورے عمل میں ہندوستانی سفارت خانوں اور متعلقہ ایجنسیوں کے تعاون کی ستائش کی۔ یونین نے کہا کہ طلباء کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کی گئیں اور یہ مشن بالآخر کامیاب رہا۔
مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی وجہ سے اہل خانہ ایران میں زیر تعلیم اپنے بچوں اور وہاں موجود زائرین کی حفاظت کے بارے میں فکر مند تھے۔ ان طلباء کی بحفاظت واپسی کے بعد ان کے اہل خانہ نے راحت کی سانس لی ہے۔ ذرائع کے مطابق کچھ ہندوستانی شہری اور طالب علم ایران میں موجود ہیں اور ان کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ حکومت اور انڈین مشن علاقے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر دیگر ہندوستانیوں کو بھی محفوظ طریقے سے نکالا جا سکے۔