اتراکھنڈ میں 4.2 شدت کے زلزلہ نے دہشت میں ڈالا، زمین کی لرزش محسوس کر لوگ گھروں سے باہر نکلے
اترکاشی ضلع کے صدر مقام پر زلزلے کا شدید جھٹکا محسوس کیا گیا۔ زمین میں لرزش محسوس ہونے کے بعد لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ اچانک زلزلہ کے جھٹکے سے کچھ دیر کے لیے افراتفری پھیل گئی۔

اترکاشی ضلع کے صدر مقام اور یمنوتری وادی میں آج زلزلہ کے تیز جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور دہشت کا عالم پیدا ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یمنوتری وادی کے کھرسالی گاؤں میں بھی لوگوں نے زلزلہ کا شدید جھٹکا محسوس کیا۔ زلزلے کا مرکز اترکاشی مرکز سے تقریباً 2 کلومیٹر دور تھا۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.2 ریکارڈ کی گئی ہے۔
کھرسالی گاؤں کے تیرتھ پروہت پرشوتم اونیال نے بتایا کہ رات 8 بج کر 7 منٹ پر زلزلے کا شدید جھٹکا محسوس کیا گیا۔ اس جھٹکے نے لوگوں کو خوف میں مبتلا کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ زلزلہ کے دوران گھروں میں رکھے ٹی وی ہلتے ہوئے نظر آئے۔ اچانک زمین میں لرزش محسوس ہونے سے لوگ گھبرا گئے اور احتیاطاً اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ زلزلہ کا مرکز زمین کے 11 کلو میٹر اندر تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اترکاشی ضلع کے صدر مقام پر بھی زلزلے کا شدید جھٹکا محسوس کیا گیا۔ یہاں بھی زمین میں لرزش محسوس ہونے کے بعد لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ اچانک زلزلہ کے جھٹکوں سے کچھ دیر کے لیے لوگوں میں افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ قابل ذکر ہے کہ اترکاشی ضلع زلزلہ کے لحاظ سے ایک حساس علاقہ ہے۔ اس وجہ سے لوگ خوفزدہ ہیں اور محتاط ہو گئے ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ اب تک کسی قسم کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
