مہاراشٹر کے ناسک میں صبح سویرے آئے 3.4 شدت کے زلزلہ نے لوگوں کو نیند سے کر دیا بیدار
بتایا جا رہا ہے کہ زلزلہ صبح تقریباً 5.32 منٹ پر آیا۔ 3.4 شدت کے اس زلزلہ کو کئی لوگوں نے محسوس کیا اور گھبرا کر گھروں سے باہر نکل گئے۔

مہاراشٹر کے ناسک میں جمعہ کی صبح زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس نے سوتے ہوئے لوگوں کو بیدار کر دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ناسک میں صبح تقریباً 5.32 بجے زلزلہ آیا۔ اس کے جھٹکے تقریباً 40 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے۔ قومی مرکز برائے زلزلہ سائنس کے مطابق ریکٹر پیمانے پر اس کی شدت 3.4 درج کی گئی اور اس کا مرکز زمین کے اندر تقریباً 3 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
اچانک محسوس کیے گئے جھٹکوں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ سہم گئے۔ اس زلزلہ کو کئی لوگوں نے محسوس کیا اور گھبرا کر گھروں سے باہر نکل گئے۔ راحت کی بات یہ ہے کہ اس واقعہ میں اب تک کسی بھی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی خبر نہیں ہے۔ اس سے قبل مہاراشٹر کے پالگھر میں پیر کی شب تقریباً ایک گھنٹہ کے اندر زلزلہ کے 2 جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ دونوں جھٹکوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر تقریباً 3.4 ہی درج کی گئی تھی۔ لگاتار آ رہے زلزلوں نے لوگوں میں تشویش کی ایک لہر پیدا کر دی ہے۔
مہاراشٹر کے پالگھر میں گزشتہ پیر کی شب پہلا جھٹکا رات 10.04 بجے محسوس کیا گیا تھا، اور پھر تقریباً ایک گھنٹہ بعد دوسرا جھٹکا 11 بجے آیا تھا۔ 3.4 شدت کا زلزلہ خطرناک نہیں ہوتا ہے، اس لیے کسی بھی جانی و مالی نقصان کی خبر نہیں ملی۔ زلزلہ کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7 یا اس سے زیادہ ہوتی ہے تو اسے ’خطرناک‘ زمرہ میں رکھا جاتا ہے۔ 2 یا اس سے کم شدت والے زلزلہ کو ’مائیکرو زلزلہ‘ کہتے ہیں، جنھیں بیشتر لوگ محسوس بھی نہیں کر پاتے۔ 4.5 یا اس سے زیادہ شدت کا زلزلہ عمارتوں اور گھروں کو نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
