کشمیر: تاریخی مغل روڑ پر دلخراش سڑک حادثہ، 9 طالبات سمیت 11 افراد ہلاک

جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں پیر کی گلی علاقے میں تاریخی مغل روڑ پر جمعرات کے روز پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثے میں کم از کم 11 افراد بشمول 9 طالبات از جان جبکہ دیگر 7 زخمی ہوئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں پیر کی گلی علاقے میں تاریخی مغل روڑ پر جمعرات کے روز پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثے میں کم از کم 11 افراد بشمول 9 طالبات از جان جبکہ دیگر 7 زخمی ہوئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق جمعرات کو ایک ٹیمپو، جس میں سرنکوٹ میں قائم ایک کمپیوٹر انسٹی چیوٹ کے قریب ڈیڑھ درجن طلبا و دیگر عملہ ایکسکرشن کی غرض سے سوار تھے، پونچھ سے شوپیاں کی طرف رواں دواں تھا کہ وہ تاریخی مغل روڑ پر پیر کی گلی کے علاقے میں لال غلام کے نزدیک ایک گہری کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک جبکہ دیگر سات زخمی ہوئے۔ مہلوکیں میں 9 طالبات شامل ہیں۔


ذرائع نے بتایا کہ حادثہ کے فوراً بعد پولیس کی ایک ٹیم اور مقامی لوگ جائے واردات پر پہنچے اور بچاؤ کارروائی شروع کرکے زخمیوں کو ضلع ہسپتال شوپیاں منتقل کیا جہاں سے سبھی زخمیوں کو مزید علاج کے لئے سری نگر کے صدر ہسپتال ریفر کیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ تاریخی مغل روڑ جو جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو پیرپنچال کے پونچھ و راجوری اضلاع سے جوڑتا ہے، سردیوں میں بھاری برف باری کی وجہ سے قریب چھ ماہ تک بند رہتا ہے۔ یہ روڑ تنگ ہونے کے ساتھ ساتھ اس کی حالت انتہائی خراب ہے۔

دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے مغل روڑ پر المناک سڑک حادثے میں 11 افراد کے لقمہ اجل بن جانے پر زبردست رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔ دونوں لیڈران نے مسافر ٹیمپو کو پیش آئے حادثے میں لقمہ اجل بنے افراد کے اہل خانہ اور لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔


انہوں نے لقمہ اجل بنے کے لواحقین کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کے لئے اللہ سے دعا مانگی۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ زخمی ہوئے افراد کو بہتر سے بہتر علاج و معالجہ یقینی بنائے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صدرصوبہ جموں دیوندر سنگھ رانا، سینئر پارٹی لیڈران اعجاز جان اور مشتاق احمد بخاری نے بھی حادثے پر زبردست دکھ اور رنج و علم کا اظہار کیا اور لقمہ اجل بنے افراد کے پسمادگان کے حق میں ایکش گریشیا ریلیف فراہم کی جائے۔

حریت کانفرنس (ع) چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق نے مغل روڑ پر پیش آئے سڑک حادثے پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: 'پیر کی گلی کی سیر پر آنے والے 11 طلبا کی بھیانک سڑک حادثے میں موت واقع ہوجانے سے بہت دکھ پہنچا۔ میں جملہ لواحقین کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں۔ سڑک حادثوں میں آئے روز قیمتیں جانیں ضائع ہورہی ہیں'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔