80واں یومِ آزادی: تلنگانہ، ہماچل، جھارکھنڈ اور کیرالہ کے وزرائے اعلیٰ نے سماجی انصاف اور روزگار پر دیا زور

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے یومِ آزادی کے موقع پر کہا کہ ریاست میں ’عوامی حکومت‘ نے اپنی جڑیں مضبوط کر لی ہیں اور غلامی کی زنجیریں توڑ دی گئی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تلنگانہ میں پرچم کشائی کا منظر، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/revanth_anumula">@revanth_anumula</a></p></div>
i

ہندوستان کی آزادی کے 79 سال مکمل ہونے پر آج مختلف ریاستوں میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئی، جن میں وزرائے اعلیٰ نے اپنی اپنی ریاستوں کی ترقی، سماجی انصاف، نوجوانوں کے مستقبل، بہتر تعلیم و صحت، روزگار کے نئے مواقع اور عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ تلنگانہ، ہماچل پردیش، جھارکھنڈ اور کیرالہ کے وزرائے اعلیٰ کے خطابات میں ریاستی مسائل کے ساتھ ساتھ ایک ایسے ہندوستان کی تعمیر پر زور دیا گیا جس میں ترقی کے ثمرات سماج کے تمام طبقات تک پہنچیں۔

تلنگانہ میں ’عوامی حکومت‘ اور سماجی انصاف کا عزم

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے یومِ آزادی کے موقع پر کہا کہ ریاست میں ’عوامی حکومت‘ نے اپنی جڑیں مضبوط کر لی ہیں اور غلامی کی زنجیریں توڑ دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تلنگانہ آزادانہ طور پر سانس لے گا اور سماجی انصاف اور مساوی ترقی کے ذریعے ریاست کو روشن مستقبل کی جانب لے جایا جائے گا۔


ریونت ریڈی کا کہنا ہے کہ ترقی کا اصل مقصد غریبوں کی زندگی میں بہتری لانا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست میں غریبوں کے چہروں پر خوشی اور امید کی روشنی نظر آئے گی اور لوگوں کے حقوق کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ تلنگانہ کے عوام نے جن خوابوں اور امنگوں کے ساتھ ریاست کی جدوجہد کی تھی، انہیں پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے ’بھائی‘ کی جانب سے دیا گیا وعدہ ہے۔

ہماچل پردیش: نشہ سے پاک ریاست اور نوجوانوں کے روزگار پر توجہ

ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے ریاست کی ترجیحات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’چِٹّا‘ سے پاک ہماچل، عالمی معیار کی صحت خدمات، بہتر تعلیم اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع حکومت کی ترجیح ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی اور اختراع کی طاقت کے ذریعے بنیادی سہولتیں دیہی علاقوں تک پہنچائی جائیں گی، جبکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیت اور ہنر کے ذریعے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق ہماچل پردیش کو خود کفالت کی ایک نئی مثال بنانا ریاست کی ترقی کی سمت کا اہم حصہ ہے۔


سکھوندر سنگھ سکھو کا کہنا ہے کہ ہماچل کی قدرتی خوبصورتی، پہاڑ اور ثقافت اس کی ترقی کی شناخت ہیں۔ اس لیے ترقی کی ہر نئی منزل کے ساتھ قدرتی ماحول اور ثقافتی ورثے کا تحفظ بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر انہوں نے ایسے ہماچل کی تعمیر کا عزم ظاہر کیا جہاں ہر خاندان کی زندگی بہتر ہو اور ریاست کی نوجوان نسل، خصوصاً جین-زی، پورے فخر کے ساتھ کہہ سکے کہ اسے ہماچلی ہونے پر فخر ہے۔

جھارکھنڈ: نوجوانوں کی محنت اور نظامِ امتحان پر اعتماد بحال کرنے کا عزم

جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے اپنے خطاب میں ریاست کے لاکھوں نوجوانوں کے مستقبل اور ان کے خوابوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے نوجوان اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں، جبکہ ان کے والدین اپنی استطاعت سے بڑھ کر انہیں تعلیم دلا رہے ہیں۔ ایسے میں حکومت کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے کہ ان کی محنت کا احترام ہو اور ان کی صلاحیتوں کو انصاف ملے۔ انھوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے میں بھرتی امتحانات کے حوالے سے متعدد سوالات اٹھے ہیں۔ جب امتحانی نظام پر شک پیدا ہوتا ہے تو اس کا اثر صرف ایک امتحان تک محدود نہیں رہتا بلکہ پوری ایک نسل کے اعتماد کو متاثر کرتا ہے۔


ہیمنت سورین نے طلبا کو یقین دلایا کہ ان کی محنت کو کسی مافیا، بدعنوان نظام یا بے ضابطگی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی متعدد ریاستوں اور کئی قومی سطح کے امتحانات میں سوالنامے لیک ہونے اور امتحانات سے متعلق سنگین بے ضابطگیوں کے واقعات سامنے آئے ہیں، جو پورے ملک کے سامنے ایک بڑا چیلنج ہیں۔ تاہم، جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ دوسرے صوبوں میں ہونے والے واقعات سے جھارکھنڈ کی اپنی ذمہ داری کم نہیں ہوتی۔ حکومت کو اپنے امتحانی اور بھرتی نظام میں شفافیت اور نوجوانوں کے اعتماد کو یقینی بنانا ہوگا۔

کیرالہ: فلاحی ریاست، سائنسی آفات سے نمٹنے کا نظام اور منشیات کے خلاف جنگ

کیرالہ کے وزیر اعلیٰ وی ڈی ستیسن نے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر ایک ترقی پسند، محفوظ اور جدید کیرالہ کی تعمیر کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کا مستقبل ہمدردی، اتحاد اور شمولیت کی بنیاد پر استوار کیا جائے گا۔ حالیہ قدرتی آفات میں جان گنوانے والوں کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے رہنے اور سائنسی بنیادوں پر آفات سے نمٹنے اور ان کے اثرات کم کرنے کے نظام کو نافذ کرنے پر زور دیا۔


وی ڈی ستیسن نے کہا کہ فلاح و بہبود کوئی خیرات نہیں بلکہ عوام کا حق ہے۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقی، مساوی اقتصادی ترقی، سرکاری تعلیم اور صحت عامہ کو اپنی حکومت کی اہم ترجیحات قرار دیا۔ انہوں نے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے، بزرگوں کے تحفظ اور منشیات کے مسئلے کے خاتمے کو بھی اہم ترجیحات میں شامل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی حقیقی دولت اس کے نوجوان ہیں، جن کے پاس آگے بڑھنے کا وژن اور شعور موجود ہے۔ کیرالہ کے وزیر اعلیٰ نے ذات، مذہب اور تقسیم سے بالاتر ہو کر متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے ایک ترقی پسند، مضبوط اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والے کیرالہ کی تعمیر پر زور دیا۔

مختلف ریاستوں کے خطابات میں مشترکہ پیغام

چاروں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے خطابات میں اگرچہ مقامی مسائل اور ترجیحات مختلف رہیں، تاہم ان میں کئی مشترکہ نکات نمایاں رہے۔ سماجی انصاف، نوجوانوں کے لیے بہتر مستقبل، روزگار کے مواقع، تعلیم اور صحت کی سہولتوں میں بہتری، غریبوں کی فلاح، شفاف حکمرانی اور ریاستی ترقی کو عوام کے ہر طبقے تک پہنچانے پر خاص زور دیا گیا۔ تلنگانہ میں مساوی ترقی اور سماجی انصاف، ہماچل پردیش میں صحت، تعلیم، روزگار اور نشہ سے پاک معاشرے، جھارکھنڈ میں نوجوانوں کے امتحانی نظام پر اعتماد کی بحالی اور کیرالہ میں فلاحی حقوق، قدرتی آفات سے تحفظ اور جامع ترقی کو مرکزی حیثیت دی گئی۔


یومِ آزادی کی تقریبات میں سامنے آنے والے ان عہد و پیمان سے یہ پیغام نمایاں ہوا کہ ریاستی حکومتیں ترقی کو محض بنیادی ڈھانچے کی تعمیر تک محدود رکھنے کے بجائے اسے سماجی انصاف، انسانی ترقی، نوجوانوں کے مواقع اور عوامی فلاح سے جوڑنے پر زور دے رہی ہیں۔ وزرائے اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آنے والے برسوں میں اپنی اپنی ریاستوں کو زیادہ مضبوط، خود کفیل، محفوظ اور عوام دوست بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔