میرٹھ میں خوفناک آتشزدگی، 5 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق
واردات کے وقت اقبال نماز پڑھنے مسجد گئے ہوئے تھے۔ اس دوران گھر میں خواتین اور بچے ہی موجود تھے۔ گھنے دھوئیں کے درمیان اقبال کی بہو رخسانہ اپنے بچوں کو سینے سے لگائے زندگی کی فریاد کررہی تھی۔

میرٹھ کے لساڑی گیٹ تھانہ علاقے کے قدوائی نگر میں پیر کی شب اس وقت کہرام مچ گیا جب یہاں ایک مکان میں بھیانک آگ لگ گئی اور اندر سے’’بچاؤ بچاؤ، کوئی مدد کرو، ہمیں باہر نکالو...‘‘ کی دردناک آوازیں سنی گئیں۔ اس ہولناک واقعہ میں 5 بچوں سمیت 6 افراد کی دردناک موت ہو گئی وہیں ایک خاتون کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
اطلاع کے مطابق میرٹھ کے لساڈی گیٹ تھانہ علاقے کے قدوائی نگر کے اسلام آباد واقع گلی نمبر 3 میں کپڑا کاروباری اقبال احمد کا 3 منزلہ مکان ہے۔ اس میں ان کے 3 بیٹے عاصم، فاروق اور ڈاکٹر ارشد اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہتے ہیں۔ گراؤنڈ فلور پر ’آئی سنز ایمبرائیڈری‘ نام سے کارخانہ چلتا ہے۔ اس میں پاورلوم مشینوں پر دھاگوں کا استعمال کرتے ہوئے کپڑا تیار کیا جاتا ہے۔ وہیں پہلی اور دوسری منزل پر خاندان رہتا ہے۔
پیر کی شب تقریباً 8.45 بجے اچانک دھواں اٹھتا نظر آیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے شعلے آسمان چھونے لگے۔ اس دوران اقبال نماز پڑھنے مسجد گئے ہوئے تھے۔ اس وقت گھر میں خواتین اور بچے ہی موجود تھے۔ گھنے دھوئیں کے درمیان اقبال کی بہو رخسانہ اپنے بچوں کو سینے سے لگائے زندگی کی فریاد کررہی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے کے بعد رخسانہ بچوں کو لے کر دوسری منزل پرواقع کمرے میں اس امید کے ساتھ پہنچیں کہ شاید وہ وہاں محفوظ رہ سکیں لیکن چند منٹوں میں آگ نے خوفناک شکل اختیار کرلی اور شعلے دوسری منزل تک پہنچ گئے۔
یہ بھی پڑھیں : کٹیہار کے کرسیلا میں زبردست آگ لگنے سے کروڑوں روپے کا نقصان
کھڑکی کھول کر رخسانہ اور بچے مدد کے لیے پکارتے رہے۔ ان کی چیخیں سن کرآس پاس کے لوگ دوڑ پڑے۔ کسی نے پانی کی بالٹیاں لیں تو کسی نے دروازہ توڑنے کی کوشش کی لیکن آگ اتنی شدید تھی کہ کسی کو اندر جانے کی ہمت نہ ہوئی۔ چند ہی لمحوں میں گھر کی تینوں منزلیں آگ کی لپیٹ میں آگئیں اور دھواں آسمان تک پہنچنے لگا۔ جب تک فائر فائٹرز اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچے، تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ اقبال کے بیٹے عاصم کی بیوی رخسار، ان کا 3 سال کا بیٹا اقدس، 6 ماہ کی جڑواں بیٹیاں نبیہ اورعنایت اور بیٹے فاروق کی بیٹی مہوش اور بیٹے حماد جاں بحق ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی انتظامیہ اور پولیس کے افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر وی کے سنگھ، ایس ایس پی اویناش پانڈے، ڈی آئی جی کالاندھی نیتھانی، اور ایس پی سٹی آیوش وکرم سنگھ بھاری پولیس فورس کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے اور راحت اور بچاؤ کام شروع کیا۔ پولیس اور فائر فائٹرز نے گھر والوں کو قریبی راجدھانی اسپتال پہنچایا۔ ڈاکٹروں نے پانچ بچوں سمیت چھ افراد کو مردہ قرار دے دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔