ہند-پاک کشیدگی کے دَرمیان 59 نوبل انعام یافتہ شخصیتوں نے امن کے لیے کی اپیل

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدہ ماحول کو دیکھتے ہوئے 59 نوبل انعام یافتہ لوگوں نے خط لکھ کر ہندوستانی پی ایم نریندر مودی اور پاکستانی پی ایم عمران خان سے کشیدگی ختم کرنے کی گزارش کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو دنیا بھر کے 59 نوبل انعام یافتہ شخصیتوں نے خط لکھ کر دونوں ممالک کے درمیان بڑھ رہی کشیدگی کو ختم کرنے کی گزارش کی ہے۔ نوبل انعام یافتہ کیلاش ستیارتھی کے ذریعہ تیار کردہ اسٹیج ’لاریٹس اینڈ لیڈرس فار چلڈرن‘ کے تحت 59 نوبل انعام یافتگان کے دستخط والا خط اتوار کو اقوام متحدہ میں ہندوستان اور پاکستان کے مستقل نمائندوں کو سونپا گیا۔

ایک بیان کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ ’’ہمارے بچوں کی بھلائی کے لیے ہم ’لاریٹس اینڈ لیڈرس فار چلڈرن‘ کے تحت ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے موجودہ کشیدگی کو جنگ میں بدلنے سے روکنے کے لیے عقلمند قیادت کی مثال پیش کرنے اور فوری مثبت قدم اٹھانے کی اپیل کرتے ہیں۔‘‘ خط میں آگے کہا گیا ہے کہ ’’مہذب دنیا میں تشدد، شورش پسندی اور دہشت گردی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ اس وبا کو ٹھوس اور طے مدتی کارروائی کے ذریعہ جڑ سے اکھاڑنے کی ضرورت ہے۔ ہم بار بار دہراتے ہیں کہ بچے کبھی جنگ شروع نہیں کرتے، لیکن اس کا سب سے برا اثر انھیں پر ہوتا ہے۔ اس لیے ہم نے دونوں وزرائے اعظم، دونوں ممالک کے سرکردہ اداروں، نوجوانوں اور شہریوں سے علاقے میں امن قائم کرنے کے لیے ساتھ مل کر سرگرم ہونے کی اپیل کرتے ہیں۔‘‘

خط پر دستخط کرنے والے نوبل انعام یافتگان میں ملالہ یوسف زئی، لیما گبووی، شیرین عبادی، توکل کامران، محمد یونس، جوس راموس-ہورٹا، ایڈورڈ انگزالڈ موجر اور مے-برٹ موس جیسے کئی معروف نام شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Mar 2019, 10:09 PM