بارش سے 5 ریاستوں میں لوگوں کی زندگی محال، راہل گاندھی کا وائناڈ دورہ 11 اگست کو

کیرالہ، کرناٹک اور مہاراشٹر سمیت 5 ریاستوں میں موسلادھار بارش نے سیلاب کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ گزشتہ 72 گھنٹوں میں تینوں ریاستوں میں کم و بیش 100 جانیں تلف ہو چکی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

ملک کی 5 ریاستوں کیرالہ، کرناٹک، مہاراشٹر، تمل ناڈو، مدھیہ پردیش اور گجرات موسلادھار بارش سے بے حال ہے اور یہاں سیلاب کا منظر چاروں طرف دیکھنے کو مل رہا ہے۔ سب سے پہلے بات کرتے ہیں کیرالہ کی۔ کیرالہ میں گزشتہ چار دنوں میں کم و بیش 40 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ ایک لاکھ سے زیادہ لوگوں نے راحتی کیمپوں میں پناہ لی ہے۔ زبردست بارش اور سیلاب کے سبب کیرالہ حکومت نے جمعہ کو اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کر دیا تھا۔

بارش سے 5 ریاستوں میں لوگوں کی زندگی محال، راہل گاندھی کا وائناڈ دورہ 11 اگست کو

کیرالہ کے وائناڈ اور ملپورم میں سب سے زیادہ تباہی ہے۔ فوج اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں لگاتار بچاؤ آپریشن میں لگی ہیں۔ ہفتہ کی صبح فوج کے دو جوانوں نے ایک نوزائیدہ کو سیلاب سے بچایا۔ گود میں بچے کو لے کر آتے جوانوں کی تصویر سامنے آئی ہے۔ وہیں وائناڈ کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اتوار کو اپنے پارلیمانی حلقہ کا دورہ کریں گے۔


کرناٹک میں جمعہ کو بارش سے 10 اموات ہوئی ہیں۔ ریاست میں بارش اور سیلاب کے سبب اموات کی تعداد 24 ہو گئی ہے۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا نے بتایا کہ ’’اب تک 24 کی موت ہو چکی ہے۔ سیلاب کے سبب 1024 گاؤں بری طرح متاثر ہیں۔ 20 این ڈی آر ایف ٹیمیں، 10 آرمی ٹیمیں، 5 بحریہ کی ٹیمیں اور 2 ایس ڈی آر ایف ٹیمیں بچاؤ کام کے لیے تعینات ہیں۔‘‘


مہاراشٹر میں جمعہ کو دو اموات درج کی گئیں۔ اس سے پونے ڈویژن میں اموات کی تعداد بڑھ کر 29 ہو گئی ہے۔ مہاراشٹر میں آئندہ 24 گھنٹے کافی مشکل ہیں کیونکہ محکمہ موسمیات کے مطابق کیرالہ اور کرناٹک کی طرح ہی مہاراشٹر، گوا، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں زبردست بارش کا اندازہ ہے۔

مدھیہ پردیش کے مختلف حصوں میں گزشتہ تین دنوں سے جاری بارش کے سبب ندیوں کا آبی سطح بڑھ گیا ہے، وہیں ذیلی بستیوں میں آبی جماؤ ہونے سے معمولات زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ کئی گاؤوں کا اپنے ضلع ہیڈ کوارٹر سے سڑک رابطہ ٹوٹ گیا ہے۔ ریاست کے بڑے حصے میں تین دنوں سے معمول سے زیادہ بارش ہو رہی ہے۔ اس کے سبب کشپرا، تاپتی، نرمدا، برانا، بینا ندی سمیت دیگر ندیوں کی آبی سطح بڑھ گئی ہے۔


تمل ناڈو کے کئی اضلاع میں بھی بارش کا قہر جاری ہے۔ یہاں بارش سے سب سے زیادہ متاثر نیلگری ضلع میں راحتی کاموں کے لیے ہندوستانی فضائیہ سے مدد طلب کی گئی ہے۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔