مردم شماری میں پوچھے جائیں گے ذات اور کووڈ ویکسین سمیت 40 سوالات، نوٹیفکیشن جاری
یہ 1931 کے بعد پہلی جامع ذات پر مبنی مردم شماری ہوگی۔ خاص بات یہ ہے کہ ’مردم شماری 2027‘ ہندوستان کی پہلی مکمل طور پر ڈیجیٹل مردم شماری بھی ہوگی۔

’مردم شماری 2027‘ سے متعلق مرکزی حکومت نے دوسرے مرحلہ میں 40 سوالات طے کیے ہیں۔ اس دوران لوگوں سے ان کی درج فہرست ذات (ایس سی)، درج فہرست قبائل (ایس ٹی)، ذات اور کووڈ ویکسین سے متعلق معلومات بھی حاصل کی جائیں گی۔ یہ 1931 کے بعد پہلی جامع ذات پر مبنی مردم شماری ہوگی۔ خاص بات یہ ہے کہ ’مردم شماری 2027‘ ہندوستان کی پہلی مکمل طور پر ڈیجیٹل مردم شماری بھی ہوگی۔
’مردم شماری 2027‘ میں پوچھے جائیں گے یہ 40 سوالات:
شخص کا نام، خاندان کے سربراہ سے رشتہ، جنس، تاریخ پیدائش اور مکمل شدہ عمر، موجودہ ازدواجی حیثیت، شادی کے وقت عمر، شوہر یا بیوی کا نام، اعلان کردہ قومیت، مذہب، درج فہرست ذات (ایس سی)، درج فہرست قبائل (ایس ٹی) یا ذات، والد سے متعلق معلومات، والدہ سے متعلق معلومات، معذوری، مادری زبان اور دیگر معلوم زبانیں، خواندگی اور ڈیجیٹل خواندگی کی حیثیت، تعلیمی ادارے میں موجودہ تعلیمی حیثیت، حاصل کردہ اعلیٰ ترین تعلیمی سطح اور مضمون/اسٹریم، گزشتہ ایک سال کے دوران کوئی کام کیا یا نہیں، معاشی سرگرمی کی قسم، پیشہ، صنعت، تجارت یا خدمت کی قسم، کارکن کی قسم، غیر معاشی سرگرمی (حاشیائی، نیم حاشیائی اور غیر کارکنوں کے لیے)، کام کی تلاش یا کام کے لیے دستیابی (حاشیائی، نیم حاشیائی اور غیر کارکنوں کے لیے)، کام کی جگہ تک آمد و رفت کی تفصیلات، جائے پیدائش، سابقہ رہائش گاہ، نقل مکانی کی وجہ، آخری بار نقل مکانی کے بعد اس گاؤں/شہر میں رہنے کی مدت، مستقل رہائشی پتہ، اس وقت زندہ بچوں کی تعداد (موجودہ شادی شدہ، بیوہ، مطلقہ اور علیحدہ رہنے والی خواتین کے لیے)، اب تک زندہ پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد (موجودہ شادی شدہ، بیوہ، مطلقہ اور علیحدہ رہنے والی خواتین کے لیے)، گزشتہ ایک سال میں زندہ پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد (موجودہ شادی شدہ خواتین کے لیے)، کووڈ-19 ویکسینیشن کی جگہ، بینک اکاؤنٹس کی کل تعداد، موبائل نمبر (اگر دستیاب ہو)، آدھار نمبر (اگر دستیاب ہو)، ووٹر شناختی کارڈ نمبر (اگر دستیاب ہو)، پاسپورٹ نمبر (اگر ہندوستانی پاسپورٹ ہولڈر ہیں)، ڈرائیونگ لائسنس دستیاب ہے یا نہیں۔
اس سے قبل جنوری میں ہندوستان کے رجسٹرار جنرل (آر جی آئی) نے ’مردم شماری 2027‘ کے پہلے مرحلہ کے لیے 33 سوالات نوٹیفائی کیے تھے۔ یہ مرحلہ مکانات کی فہرست سازی اور رہائش سے متعلق معلومات جمع کرنے کے لیے تھا۔ پہلے مرحلہ کے سوالنامے میں یہ بھی پوچھا گیا تھا کہ خاندان کا سربراہ درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل یا ’دیگر‘ زمرے سے تعلق رکھتا ہے یا نہیں۔
موصولہ اطلاع کے مطابق وزارت داخلہ کے تحت ہندوستان کے رجسٹرار جنرل کے دفتر نے ’مردم شماری 2027‘ کے لیے ’ہاؤس ہولڈ شیڈول‘ (خاندان سے متعلق معلومات) کا سوالنامہ جاری کیا ہے۔ اس میں ذات سے متعلق معلومات (ایس سی/ایس ٹی ذات) شامل کی جائیں گی۔ سوالات کی فہرست میں کووڈ ویکسینیشن کی معلومات بھی شامل ہیں۔ مردم شماری کا دوسرا مرحلہ یعنی آبادی کی گنتی فروری 2027 میں مجوزہ ہے۔ اس مرحلہ میں لوگوں سے آبادیاتی، سماجی و معاشی، تعلیمی، نقل مکانی، افزائشِ نسل اور دیگر ضروری معلومات جمع کی جائیں گی۔ اسی مرحلہ میں ذات کی گنتی بھی کی جائے گی۔ اس طرح ’مردم شماری 2027‘ میں پہلی بار بڑے پیمانے پر ذات سے متعلق معلومات بھی درج کی جائیں گی۔
