پریاگ راج میں کولڈ اسٹوریج کی چھت گرنے سے 4 مزدوروں کی موت، 12 زخمی، معاوضے کا اعلان

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، انتظامیہ اور امدادی ایجنسیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ این ڈی ر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور اب تک 16 لوگوں کو باہر نکالا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فوٹو سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

 اترپردیش میں پریاگ راج کے پھاپھامئو علاقے میں گزشتہ روز ایک المناک حادثہ پیش آیا جب ایک کولڈ اسٹوریج کی عمارت زور دار دھماکے کے ساتھ زمیں دوز ہوگئی۔ چھت گرنے سے 4 مزدوروں کی موت اور متعدد زخمی ہو گئے۔ راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ ضلع مجسٹریٹ منیش کمار ورما نے کہا  کہ کولڈ اسٹوریج کے منہدم ہونے کی واردات میں اب تک 4 لوگوں کی موت ہو چکی ہے جب کہ 12 مزدور زخمی ہیں جن کا اسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ، پولیس، ایس ڈی آر ایف اور فائر ڈپارٹمنٹ کی ٹیمیں جائے وقوعہ سے ملبہ ہٹا رہی ہیں اور زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کر رہی ہیں۔

یہ واقعہ پریاگ راج لکھنؤ ہائی وے پر واقع چندا پور گاؤں میں پیش آیا جہاں ایک پرائیویٹ کولڈ اسٹوریج کی عمارت اچانک زور دار دھماکے سے منہدم ہوگئی۔ پولیس کمشنر جوگیندر کمار نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، انتظامیہ اور امدادی ایجنسیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور اب تک 16 لوگوں کو باہر نکالا گیا ہے اور ایمبولینس کے ذریعے فوری طور پر سوروپ رانی نہرو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثے میں 4 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔


انتظامیہ کے مطابق یہ کولڈ اسٹوریج مقامی کاروباری انصار احمد کا بتایا جارہا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں ساختی ڈھانچہ جاتی لاپرواہی کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ معاملے کی جانچ ضلعی سطح پر کی جا رہی ہے، جب کہ پولیس بھی تمام پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی-گنگا نگر) کلدیپ گناوت نے بتایا کہ پھاپھامئو تھانہ علاقے میں ایک ’کولڈ اسٹوریج‘ اچانک منہدم ہوگیا جس سے امونیا گیس کا اخراج ہونے لگا جس سے علاقے میں افراتفری پھیل گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ اور پولیس کی ٹیمیں راحت اور بچاؤ کاموں میں مصروف ہیں، اور فائر ڈپارٹمنٹ بھی گیس کے اخراج کو روکنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

حادثے کے بعد پریاگ راج لکھنؤ شاہراہ پر ٹریفک میں کچھ دیر خلل پڑا، جس سے ملاک ہرہر علاقے میں طویل ٹریفک جام ہوگیا۔ جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر کے ٹریفک کا رخ موڑ دیا گیا۔ ملبہ ہٹانے کے لیے جے سی بی مشینوں کا استعمال کیا گیا اور رات گئے تک امدادی کارروائیاں جاری تھیں۔ ضلع مجسٹریٹ منیش کمار ورما اور سینئر پولیس افسران بچاؤ کی کوششوں کی نگرانی کے لیے جائے وقوعہ پر موجود تھے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکالنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ نے حادثے کی وجوہات کی تفصیلی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔


اس سلسلے میں منگل کے روز اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پریاگ راج کے پھاپھامئو میں ہونے والے اس واقعہ کا نوٹس لیا اور مہلوکین کے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے مرنے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو فی کس 50,000 روپے مالی امداد کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے زخمیوں کے علاج معالجے کا مناسب بندوبست کرنے کی بھی ہدایت کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔