ممبئی میں بریانی اور تربوز کھانے کے بعد ایک ہی کنبہ کے 4 افراد کی موت، اہل خانہ میں غم کی لہر

موت سے عین قبل کنبہ کے ایک رکن نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ رات کے کھانے میں پوری فیملی نے ایک ساتھ پہلے بریانی کھائی تھی اور اس کے کچھ دیر بعد تربوز کھایا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>بریانی، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ممبئی کے پایدھونی میں فوڈ پوائزننگ نے ایک ہنستے کھیلتے کنبہ کو موت کی نیند سلا دیا۔ عبداللہ ڈوکاڈیا، ان کی بیوی اور 2 بیٹیوں کی بریانی اور تربوز کھانے سے طبیعت بگڑی اور پھر علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی۔ پولیس اب پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کر رہی ہے تاکہ یہ صاف ہو سکے کہ موت کی اصل وجہ کیا تھی۔ اس حادثہ کے بعد اہل خانہ میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

پولیس کے مطابق مہلوکین میں عبداللہ ڈوکاڈیا کی عمر 40 سال، ان کی بیوی نسرین ڈوکاڈیا کی عمر 35 سال اور بیٹیوں عائشہ و زینب کی عمر بالترتیب 16 اور 13 سال تھی۔ موت سے عین قبل کنبہ کے ایک رکن نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ رات کے کھانے میں پوری فیملی نے ایک ساتھ پہلے بریانی کھائی تھی اور اس کے کچھ دیر بعد تربوز کھایا تھا۔ کھانے کے کچھ وقت بعد ہی کنبہ کے سبھی اراکین کی طبیعت بگڑنے لگی۔ انھیں فوراً اسپتال لے جایا گیا، جہاں علاج کے دوران ایک ایک کر چاروں کی موت ہو گئی۔


ممبئی پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ معاملہ انتہائی سنگین ہے۔ حالانکہ فیملی نے بریانی اور تربوز کھانے کی بات کہی ہے، لیکن پولیس ہر زاویہ سے جانچ کر رہی ہے۔ یہ پتہ لگانے کی کوشش ہو رہی ہے کہ کیا کھانے میں کوئی زہریلی شئے تھی، یا یہ دو الگ الگ خوردنی اشیا کے انضمام کا نتیجہ ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ کا انکشاف پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی ہو پائے گا۔ فی الحال پایدھونی پولیس نے حادثہ کی وجہ سے موت کا معاملہ درج کر جانچ شروع کر دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔