یکم مئی سے ملک میں ہونے والی 4 بڑی تبدیلیوں کا عوام کی جیب پر پڑے گا گہرا اثر، ایل پی جی کی قیمت پر سبھی کی نظر

ہر ماہ کے پہلے دن آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ایل پی جی کی قیمتوں میں ترمیم کرتی ہیں، اور یکم مئی کو بھی نئے ایل پی جی سلنڈر ریٹ جاری کیے جائیں گے۔ اس میں ہونے والی کسی بھی تبدیلی کا اثر ہر گھر پر پڑتا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>یکم مئی سے کئی اہم ضابطوں میں ہوگی تبدیلی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

اپریل کا مہینہ ختم ہونے والا ہے اور مئی کی ابتدا ملک میں کئی بڑے مالیاتی تبدیلیوں کے ساتھ ہونے جا رہی ہے۔ ان میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں سے لے کر ایل پی جی ڈیلیوری سسٹم تک میں تبدیلی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ علاوہ ازیں اسٹیٹ بینک آف انڈیا یعنی ایس بی آئی کے کریڈٹ کارڈ صارفین کے لیے بھی تبدیلیاں متوقع ہیں۔ آئیے ایسے ہی 4 بڑے بدلاؤ کے بارے میں جانتے ہیں، جو اگلے مہینے کی پہلی تاریخ سے نافذ ہوں گے اور ہر گھر اور ہر جیب پر ان کا اثر نظر آئے گا۔

ایل پی جی سلنڈر کی قیمتیں:

ہر ماہ کی پہلی تاریخ کی طرح مئی کے پہلے دن بھی آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں نظرثانی کریں گی اور نئے ایل پی جی سلنڈر ریٹس جاری کریں گی۔ اس میں ہونے والی کسی بھی تبدیلی کا اثر گھریلو کچن سے لے کر ریسٹورنٹس اور ہوٹلوں تک دیکھنے کو ملے گا۔ گزشتہ اپریل میں 14 کلوگرام کے گھریلو اور 19 کلوگرام کے کمرشیل گیس سلنڈرز کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا اور یکم مئی کو بھی یہ تبدیل ہو سکتی ہیں۔


ایل پی جی سے متعلق دیگر تبدیلیوں کی بات کریں تو او ایم سیز ایل پی جی سلنڈر ڈیلیوری سسٹم کے حوالے سے غور و فکر کر رہی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق کمپنیاں سلنڈر بکنگ کے لاک اِن پیریڈ میں تبدیلی کر سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ او ٹی پی پر مبنی ڈیلیوری سسٹم کو مستقل طور پر نافذ کیا جا سکتا ہے۔

اے ٹی ایف سے سی این جی-پی این جی کی قیمتیں:

یکم مئی 2026 سے ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں تبدیلی کے علاوہ تیل کمپنیاں ہوائی ایندھن یعنی ایئر ٹربائن فیول میں بھی نظرثانی کر کے نئے ریٹ جاری کر سکتی ہیں۔ اپریل کے آغاز میں اس کی قیمت دوگنی کر دی گئی تھی، تاہم بعد میں بڑھی ہوئی قیمتیں واپس لے لی گئی تھیں۔ اے ٹی ایف کے علاوہ سی این جی اور پی این جی کی قیمتوں میں بھی تبدیلی ممکن ہے۔ یعنی مئی کے پہلے دن ہوائی مسافروں سے لے کر سڑک پر گاڑی چلانے والوں تک سب کی جیب پر اثر پڑ سکتا ہے۔


کریڈٹ کارڈ کے اصول:

یکم مئی 2026 سے ہونے والا تیسرا بدلاؤ کریڈٹ کارڈ صارفین سے متعلق ہے۔ ایس بی آئی کارڈ کی ویب سائٹ کے مطابق لیٹ پیمنٹ چارج سے لے کر سالانہ فیس تک میں تبدیلی کا اعلان کیا گیا ہے۔ اگلے مہینے کی پہلی تاریخ سے 100 روپے سے زیادہ اور 500 روپے تک کے بقایا رقم پر لیٹ پیمنٹ چارج کو تبدیل کر کے 100 روپے کر دیا جائے گا۔ اسی طرح 500 روپے سے زیادہ اور 1000 روپے تک کے بقایا پر یہ فیس 500 روپے ہوگی، جبکہ دیگر چارجز جوں کے توں رہیں گے۔ اس کے علاوہ بی پی سی ایل ایس بی آئی کریڈٹ کارڈ کی 499 روپے سالانہ فیس اب ایک لاکھ روپے کے سالانہ خرچ پر واپس کی جائے گی، جو اس وقت 50 ہزار روپے پر ہے۔

آن لائن گیمنگ کے قواعد:

یکم مئی سے آن لائن گیمنگ سے متعلق قوانین بھی بدلنے جا رہے ہیں۔ حکومت کے نئے ’آن لائن گیمنگ رولز 2026‘ کے تحت اس شعبہ کے لیے آن لائن گیمنگ اتھارٹی آف انڈیا (او جی اے آئی) قائم کی جائے گی، جو نگرانی اور ضابطہ بندی کا کام کرے گی۔ ان تبدیلیوں کے تحت آن لائن گیمز کو 3 زمروں میں تقسیم کیا جائے گا: آن لائن منی گیمز، ای-اسپورٹس اور آن لائن سوشل گیمز۔ جن پلیٹ فارمز پر پیسے سے متعلق گیمز کھیلے جاتے ہیں، ان کے لیے رجسٹریشن لازمی ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی ایسے صارفین کے مالی لین دین پر بھی سخت نظر رکھی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔