خودکشی نوٹ لکھ کر 36 سالہ خاتون نے اسپتال کی پانچویں منزل سے لگائی چھلانگ

خاتون نے خودکشی سے قبل ایک نوٹ لکھ کر اس کمرے میں رکھ دیا تھا جہاں اس کے بچے کا علاج چل رہا تھا۔ نوٹ میں لکھا تھا کہ اس کے بیٹے کی دیکھ بھال کی جائے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر کے پونے میں ایک انتہائی افسوسناک معاملہ سامنے آیا جہاں ایک 36 سالہ خاتون نے اسپتال کی پانچویں منزل سے چھلانگ لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اسی اسپتال میں خاتون کے بیٹے کا علاج چل رہا ہے۔ مقامی پولس کے مطابق خاتون کا نام سیما بلانی ہے جس نے اتوار کو پونے واقع اسپتال میں 13 سالہ اپنے بیٹے کو بغرض علاج داخل کرایا تھا۔ بیٹے کو ذیابیطس اور گردے کی بیماری تھی جس کا کووڈ-19 ٹیسٹ بھی کرایا گیا ہے لیکن رپورٹ کا انتظار ہے۔

خبروں کے مطابق سیما بلانی کے شوہر کا تقریباً تین مہینے قبل کینسر سے انتقال ہو گیا تھا اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ فیملی جمائیکا میں رہتی تھی اور کینسر کا علاج کرانے کے لیے ہی فیملی ہندوستان پہنچی تھی، لیکن علاج کے دوران بلانی کے شوہر کا انتقال ہو گیا۔ اس تعلق سے ایک پولس افسر نے بتایا کہ "ایسا لگتا ہے کہ خاتون اپنے شوہر کی موت اور بیٹے کی بیماری سے تناؤ میں مبتلا ہو گئی تھی۔" پولس ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال بلانی کی حادثاتی موت کا معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور جانچ کی جا رہی ہے۔


اس درمیان موصولہ اطلاعات کے مطابق بلانی نے مبینہ طور پر خودکشی سے قبل ایک نوٹ بھی لکھا تھا۔ ایک پولس افسر نے اس سلسلے میں بتایا کہ "یہ خطرناک قدم اٹھانے سے پہلے اس نے (بلانی) کمرے میں ایک چھوٹا نوٹ لکھ کر چھوڑا کہ اس کے بیٹے کی دیکھ بھال کی جائے۔ اسی کمرے میں اس بچے کا علاج چل رہا ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */