سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 241 پہنچی، 74 افراد لاپتہ

بارش، سیلاب اور تودہ گرنے کی وجہ سے مختلف ریاستوں میں کئی لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور زیادہ تر لوگوں کو راحت کیمپوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: ملک کے مختلف حصوں میں بارش، سیلاب اور تودہ گرنے کے واقعات میں مرنے والوں کی تعداد 241 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 74 دیگر لاپتہ ہیں۔ سیلاب کی صورت حال میں اب تیزی سے بہتری آرہی ہے۔ فوج مختلف ایجنسیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر راحت وبچاؤ کے کاموں میں جٹی ہوئی ہے۔

بارش، سیلاب اور تودہ گرنے کی وجہ سے مختلف ریاستوں میں کئی لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور زیادہ تر لوگوں کو راحت کیمپوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ فوج سمیت مختلف سلامتی اور بچاؤ ایجنسیاں راحت اور بچاؤ کاموں میں لگی ہوئی ہیں۔ پانی گھٹنے سے راحت کیمپوں میں پناہ لئے ہوئے لوگ اپنے اپنے گھروں کی جانب لوٹنے لگے ہیں۔ کیرلہ اور کرناٹک کے کچھ حصوں میں سیلاب اور تودہ گرنے کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔


کیرلہ میں اب تک 104، کرناٹک میں 54، گجرات میں 35، مہاراشٹر میں 30، اتراکھنڈ اور اڈیشہ میں آٹھ آٹھ اور ہماچل پردیش میں دو لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ اس کے علاوہ مغربی بنگال میں زبردست بارش کے درمیان بجلی گرنے سے کم سے کم آٹھ لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔

کیرلہ اور کرناٹک میں زبردست بارش اور سیلاب کی وجہ سے تودہ گرنے کے واقعات کے بعد سے 54 لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔ کیرلہ میں جہاں 37 لوگوں کے ملبے میں دبے ہونے کی امکانات ہیں وہیں کرناٹک میں 15 لوگ لاپتہ ہیں۔ کیرلہ میں زبردست بارش کی وجہ سے آئے سیلاب اور تودہ گرنے سے مسلسل دوسرے سال بھی زبردست تباہی آئی ہے۔ جمعرات تک موصول رپورٹوں میں بارش سے متعلق واقعات میں 104 لوگوں کی موت ہوچکی ہے اور 37 ابھی بھی لاپتہ بتائے جارہے ہیں۔


8 اگست سے ہی ریاست میں بارش کا قہر لوگوں کو جھیلنا پڑ رہا ہے۔ رہائشی علاقوں میں پانی بھر جانے سے 54 ہزار 799 خاندانوں کے ایک لاکھ 75 ہزار 373 لوگوں کو ضلعوں میں قائم 1057 راحت کیمپوں میں رکھا گیا تھا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جن علاقوں میں پانی کم ہونے لگا ہے وہاں راحت کیمپوں میں رہ رہے لوگ اپنے گھروں میں لوٹنے لگے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان 43 لوگوں کی موت ملاپورم میں ہوئی ہے۔ کوزی کوڈ میں 17 اور وائناڈ میں 12 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ کنور اور ترشور ضلعوں میں 9۔9، الپجھوا میں چار، کوٹیم اور کاسراگوڈ ضلع میں دو ۔دو لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔ اڈکاکی میں پانچ اور للکڑ میں ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔