اترپردیش: کوارنٹائن سنٹر میں کھانا نہ ملنے سے پریشان 16 افراد فرار

پولس کا کہنا ہے کہ 16 فرار لوگوں میں سے 11 کو پکڑ کر دوبارہ کوارنٹائن سنٹر میں ڈال دیا گیا ہے اور اس معاملے میں ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ہر ریاست میں جگہ جگہ کوارنٹائن سنٹر بنائے گئے ہیں تاکہ مشتبہ اور کورونا پازیٹو مریضوں کو صحت مند لوگوں سے الگ رکھ کر وائرس پر قابو پایا جا سکے۔ اس درمیان اتر پردیش واقع بلند شہر میں ایک کوارنٹائن سنٹر سے 16 افراد کے فرار ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں جن میں سے 11 کو کافی مشقت کے بعد پولس نے پکڑ لیا ہے، لیکن 5 ہنوز فرار ہیں۔

بلند شہر کے اس واقعہ سے یوگی حکومت کے ان دعووں کی قلعی کھل گئی کہ کوارنٹائن سنٹر میں ہر طرح کی سہولت مہیا کرائی جا رہی ہے۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ بلند شہر کے ایبائی علاقہ کا ہے جہاں جنتا انٹر کالج میں کوارنٹائن سنٹر بنایا گیا ہے۔ اسی سنٹر کے ایک کمرے کی کھڑکی توڑ کر 16 لوگ فرار ہو گئے۔ دوبارہ پکڑے جانے والے کچھ افراد نے الزام عائد کیا کہ کوارنٹائن سنٹر میں کھانا نہیں ملتا تھا اور بھوک سے پریشان ہو کر سبھی فرار ہوئے ہیں۔


اس پورے معاملے میں بلند شہر کے ایس پی سنتوش کمار کا کہنا ہے کہ کوارنٹائن سنٹر میں 103 لوگوں کو کوارنٹائن کرایا گیا تھا۔ جو 16 لوگ فرار ہوئے ان میں سے 11 لوگوں کو دوبارہ کوارنٹائن کر دیا گیا ہے۔ اس معاملے میں ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہے۔

اس درمیان ہندی نیوز پورٹل 'کہرام' پر شائع خبر کے مطابق گرام پردھان اور پنچایت سکریٹری کئی لوگوں کو گھروں سے یہ کہہ کر لائے تھے کہ جانچ کے بعد واپس بھیج دیا جائے گا، لیکن انھیں کوارنٹائن سنٹر میں روک دیا گیا۔ ہفتہ کی رات 16 لوگ وہاں سے فرار ہو گئے۔ پتہ چلا ہے کہ ان میں کچھ اپنے گھر پر ہیں جب کہ کچھ کھیتوں پر ہیں۔ انھوں نے انتظامیہ پر کوارنٹائن سنٹر میں گھٹیا کھانا دیئے جانے کا الزام بھی عائد کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔