روبوفیسٹ میں 14 سال کی عنایہ خان بنی عالمی چمپئن، جے پور کی بیٹی نے عالمی سطح پر روشن کیا ہندوستان کا نام
عنایہ کے خاندان کے رکن شکیل خان نے بتایا کہ امریکی ریاست مشی گن سٹی میں منعقد ہونے والے روبوفیسٹ ورلڈ چیمپئن شپ 2026 جیسے عالمی سطح کے مقابلے بچوں کے مستقبل کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوتے ہیں۔
![<div class="paragraphs"><p>تصویر ’فیس بک‘ بشکریہ <strong><a href="https://www.facebook.com/profile.php?id=100051717494776&__cft__[0]=AZbIyssakLGL_lugwnRF7-q3oohB_pnQNaZeGeiL-FvRSovcU0SVIPxqeiNqwSQ2ZQeNAr9Q5ZLbbhdwiY9U_rl4AMmnH-IGNv2xs0sfpd65Ne2V_SM9mrzH5501S3YcaNJqSV_W5T-owGDQbqC5LTb6aUc25vZR8fVTub6gRkOzCQ&__tn__=-UC%2CP-R">Ghana The Motherland</a></strong> </p></div>](https://cf-images.assettype.com/qaumiawaz%2F2026-05-24%2Fg7sq1zkl%2FInaya-khan.jpg?rect=0%2C0%2C503%2C283&auto=format%2Ccompress&fmt=webp)
راجستھان کے جے پورکی عنایہ خان نے امریکہ میں منعقدہ روبوفیسٹ ورلڈ چیمپئن شپ 2026 میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ عنایہ نے ’جونیئر بلڈنگ برجز‘ زمرے میں پہلا مقام حاصل کرکے عالمی سطح پر ہندوستان کا نام روشن کیا۔ امریکہ کے مشی گن واقع لارنس ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی میں منعقد مقابلے میں عنایہ نے بین الاقوامی سطح پر گھانا کی نمائندگی کی۔ اپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے انہوں نے کئی ممالک کی ٹیموں کو پیچھے چھوڑ کر تاریخی فتح درج کی۔
14 سال کی عنایہ خان کی اس کامیابی کو ہندوستان اور گھانا دونوں کے لیے فخر کی بات مانی جارہی ہے۔ کم عمری میں عالمی معیار کا مقابلہ جیت کر اس نے ثابت کر دیا ہے کہ محنت، اعتماد اور بڑے خواب کے دم پر کسی بھی مقصد کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔ عنایہ کی کامیابی کو سائنس، اختراعات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نوجوانوں کے لیے تحریک مانی جارہی ہے۔ اس کی کامیابی ملک کی کئی بیٹیوں اور نوجوان طالب علموں کو آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔
عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والی عنایہ خان راجستھان کے جھالاواڑ کی رہنے والی ہے۔ عنایہ نے امریکہ کے مشی گن سٹی میں گزشتہ ہفتے منعقدہ باوقار روبو فیسٹ ورلڈ چیمپئن شپ 2026 میں حصہ لیا تھا جس میں دنیا بھر کے ہونہار طلباء نے اپنے ممالک کی نمائندگی کرنے پہنچے تھے۔
بتادیں کہ عنایہ خان کا انتخاب گھانا کی جانب سے روبو فیسٹ ورلڈ چیمپیئن شپ 2026 مقاملے کے لیے کیا گیا تھا۔ عالمی سطح پر ملی اس کامیابی کے بعد عنایہ خان نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں یہاں سیکھنے کا نیا تجربہ ملا ہے۔ ورلڈ چیمپئن شپ جیت کر ایسا لگ رہا ہے جیسے کوئی خواب پورا ہوگیا ہو۔ عنایہ نے ہندوستان اور گھانا کا نام رشن کرنے پر فخر کا اظہار کیا۔
اس سلسلے میں عنایہ کے خاندان کے رکن شکیل خان نے بتایا کہ امریکی ریاست مشی گن سٹی میں منعقد ہونے والے روبوفیسٹ ورلڈ چیمپئن شپ 2026 جیسے عالمی سطح کے مقابلے بچوں کے مستقبل کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوتے ہیں۔ ہمارے بچے اکثر روبوٹکس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پیچھے رہ جاتے ہیں لیکن اب لوگوں کی ذہنیت بدل رہی ہے۔ اب ضرورت ہے تو ایسے بین الاقوامی پلیٹ فارمز کی جہاں ہمارے بچے بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔
عنایہ خان کی کامیابی کے بعد راجستھان حکومت کے خواتین اور اطفال بہبود محکمے نے ’’بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ‘‘ مہم کی برانڈ ایمبیسیڈر بنایا ہے۔ وہ لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے میدان میں فعال کردار ادا کررہی ہیں۔ عنایہ نے کہا کہ ان کا خواب ایک ٹیکنالوجی پر مبنی اسکول کھولنا ہے جہاں بچوں کو مفت تعلیم دی جائے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
