مودی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے 14 کروڑ نوجوان بے روزگار: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ یہ سب پی ایم مودی کی غلط پالیسیوں، نوٹ بندی، جی ایس ٹی اور پھر لاک ڈاؤن میں ان کے ذریعہ غلط پالیسی اپنانے کی وجہ سے ہوا ہے، ان کے ان 3 اقدامات نے ملک کے ڈھانچے کو تباہ کر دیا ہے

راہل گاندھی، تصویر سوشل میڈیا
راہل گاندھی، تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کوبراہ راست نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں 14 کروڑ نوجوانوں کو بے روزگاری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ راہل گاندھی نے اتوار کے روز یہاں جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ، "جب مودی وزیر اعظم بنے تو انہوں نے ملک کے نوجوانوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ہر سال دو کروڑ نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے۔ ایک بڑا خواب دکھایا، لیکن اس کا سچ یہ سامنے آیا کہ 14 کروڑ نوجوانوں کو ان کی غلط پالیسیوں نے بے روزگار کردیا"۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب پی ایم مودی کی غلط پالیسیوں، نوٹ بندی، غلط جی ایس ٹی اور پھر لاک ڈاؤن میں ان کے ذریعہ غلط پالیسی اپنانے کی وجہ سے ہوا ہے۔ ان کے ان تین اقدامات نے ملک کے ڈھانچے کو تباہ کر دیا ہے اور اب سچائی یہ ہے کہ ہندوستان اپنے نوجوانوں کو روزگار نہیں دے سکتا۔ اسی وجہ سے یوتھ کانگریس زمینی سطح پر جا رہی ہے، جو ہر شہر اور قصبے میں اس مسئلے کو سڑکوں پر اٹھائے گی۔


کانگریسی قائد نے کہا کہ "آپ سب 'روزگار دو پروگرام' سے وابستہ ہوں اور یوتھ کانگریس کے ساتھ مل کر ملک کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں۔ میں یوتھ کانگریس کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں، یہ آپ کا یوم تاسیس ہے، لگے رہیے، ہندوستان کے نوجوانوں کے لئے یہ لڑائی لڑتے رہیں"۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔