دہلی میں آج 11 میٹرو اسٹیشنز بند، کئی سڑکیں بھی رخنہ انداز، سفر سے پہلے جاری ایڈوائزری کا رکھیں خاص خیال

میٹرو نیٹورک میں دور دراز کا سفر کرنے والے مسافروں کو لائن تبدیل کرنے میں کوئی دقت نہ ہو، اس کے لیے ڈی ایم آر سی نے واضح کیا ہے کہ انٹرچینج اسٹیشنز پر لائن تبدیل کرنے کی سہولت جاری رہے گی۔

تصویر سوشل میڈیا دہلی میٹرو
i

چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف آج نوجوانوں کے ساتھ ساتھ کئی تنظیموں نے دہلی میں احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے پیش نظر نہ نصرف جنتر منتر پر سیکورٹی سخت کی گئی ہے، بلکہ وسطی دہلی میں بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے لیے دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے سیکورٹی ایجنسیوں کی ہدایت پر کئی میٹرو اسٹیشنز کو بند کرنے کا بڑا قدم بھی اٹھایا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹریفک سے متعلق بھی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے، یعنی کئی سڑکیں بھی آج رخنہ انداز رہنے والی ہیں۔

آج ڈی ایم آر سی نے میٹرو خدمات سے متعلق ایک اہم الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دہلی میٹرو کے 11 مصروف ترین اسٹیشنوں پر مسافروں کے داخلے اور باہر نکلنے کو اگلے حکم تک مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔ جن میٹرو اسٹیشنز کو بند کیا گیا ہے، ان میں جن پتھ، پٹیل چوک، سنٹرل سکریٹریٹ، راجیو چوک، سیوا تیرتھ، منڈی ہاؤس، لوک کلیان مارگ، آئی این اے ، چاوڑی بازار، رام کرشن آشرم مارگ اور نئی دہلی شامل ہیں۔ ان اسٹیشنز کے کسی بھی گیٹ سے مسافر باہر نہیں نکل سکیں گے اور نہ ہی باہر سے اندر داخل ہو سکیں گے۔


میٹرو نیٹورک میں دور دراز کا سفر کرنے والے مسافروں کو لائن تبدیل کرنے میں کوئی دقت نہ ہو، اس کے لیے ڈی ایم آر سی نے واضح کیا ہے کہ راجیو چوک، منڈی ہاؤس، نئی دہلی اور سنٹرل سکریٹریٹ میٹرو اسٹیشنز پر لائن تبدیل کرنے کی سہولت پہلے کی طرح جاری رہے گی۔ مسافر ان اسٹیشنوں کے اندر ایک لائن سے دوسری لائن کی ٹرین پکڑ سکتے ہیں، تاہم اسٹیشن سے باہر سڑک پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اس درمیان احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر جنتر منتر اور لوٹینس دہلی سے متصل علاقوں کی سڑکوں پر بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔ دہلی ٹریفک پولیس نے جنتر منتر، کناٹ پلیس اور آس پاس کے چوراہوں پر ٹریفک کو منظم کرنے اور راستوں میں تبدیلی کا انتظام نافذ کیا ہے۔ سیکورٹی کے لیے کیے گئے ان انتظامات کا اثر کئی راستوں پر دیکھنے کو ملے گا۔


کن سڑکوں اور چوراہوں پر نظر آئے گا اثر؟

جنتر منتر روڈ اور پارلیمنٹ مارگ: جنتر منتر روڈ کو گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ مارگ پر اضافی بیریکیڈنگ کی گئی ہے۔

کناٹ پلیس سے پٹیل چوک: کناٹ پلیس کے آؤٹر سرکل سے پٹیل چوک اور جی پی او کی جانب جانے والی گاڑیوں کو پولیس کی جانب سے متبادل راستوں کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔

ٹالسٹائے مارگ اور اشوکا روڈ: جنتر منتر کی جانب آنے والے ٹالسٹائے مارگ، اشوکا روڈ، جی پی او اور کستوربا گاندھی مارگ پر گاڑیوں کا دباؤ زیادہ رہے گا اور ضرورت پڑنے پر ٹریفک کو روکا جا سکتا ہے۔

راج گھاٹ اور وجے گھاٹ کا اثر: گاندھی جینتی اور لال بہادر شاستری جینتی کے موقع پر راج گھاٹ، آئی ٹی او، دہلی گیٹ اور رنگ روڈ پر بھی صبح سے ہی خصوصی ٹریفک ڈائیورژن نافذ ہے۔

قابل ذکر ہے کہ نئی دہلی ضلع پولیس انتظامیہ نے آج صبح ہی جنتر منتر، پارلیمنٹ مارگ اور کناٹ پلیس سب ڈویژن میں ’بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا‘ (بی این ایس ایس) کی دفعہ 163 (سابقہ دفعہ 144) نافذ کر دی ہے۔ علاقے میں کسی بھی طرح کا جلوس، دھرنا، احتجاج، اشتعال انگیز تقریر، نعرے بازی اور پیشگی تحریری اجازت کے بغیر 5 یا اس سے زیادہ افراد کا اجتماع مکمل طور پر ممنوع ہے۔ لاٹھی، ڈنڈے، بینر، پوسٹر، بھالے یا دیگر مشتبہ اشیا لے کر گھومنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ دہلی سے متصل نوئیڈا، غازی آباد، گروگرام اور فریدآباد کی سرحدوں پر بیریکیڈ لگا کر گہری جانچ کی جا رہی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔