اتر پردیش کے پرتاپ گڑھ میں 100 سال قدیم مکان منہدم، ایک ہی کنبہ کے 6 افراد کی موت، وزیر اعلیٰ کا اظہارِ غم

وزیر اعلیٰ نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے سوگوار اہل خانہ سے تعزیت کی۔ انھوں نے سینئر حکام کو موقع پر پہنچ کر راحت و بچاؤ کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>
i

اتر پردیش کے پرتاپ گڑھ میں ایک دردناک حادثہ پیش آیا، جہاں نگر کوتوالی مہولی علاقہ میں ایک خستہ حال مکان اچانک بھربھرا کر منہدم ہو گیا۔ اس حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ ایک نوجوان زخمی ہو گیا جسے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثہ کے بعد پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ مکان تقریباً 100 سال قدیم تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتاپ گڑھ کے مہولی نہر کے قریب پرمود شریواستو اپنے پورے خاندان کے ساتھ رہتے تھے۔ یہاں گزشتہ 2 دنوں سے مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بدھ کی شب بھی پورا خاندان ایک ہی کمرے میں سو رہا تھا کیونکہ اس میں اے سی لگا ہوا تھا۔ اسی دوران آدھی رات کو اچانک یہ مکان بھربھرا کر گر پڑا، جس سے خاندان کے تمام 7 افراد ملبہ میں دب گئے۔


مکان گرنے کی زور دار آواز سن کر آس پاس کے لوگ بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہو گئے اور افرا تفری مچ گئی۔ لوگوں نے فوری طور پر ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا۔ اس حادثے میں پرمود شریواستو، ان کی اہلیہ، بیٹا، بہو اور 2 بچوں کی ملبے تلے دب کر موت ہو گئی، جبکہ 28 سالہ بیٹا امن کسی طرح باہر نکلنے میں کامیاب رہا۔ اسے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سٹی سرکل آفیسر (سی او سٹی)، فائر بریگیڈ کی ٹیم اور پولیس فورس موقع پر پہنچ گئی اور راحت و بچاؤ کے کام میں مصروف ہو گئی۔ ملبہ ہٹانے کے بعد سبھی کو میڈیکل کالج لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے 6 افراد کو مردہ قرار دے دیا۔ سی او سٹی آشوتوش مشرا نے بتایا کہ یہ تقریباً 100 سال پرانا خستہ حال مکان تھا۔ جس کمرے میں اے سی لگا ہوا تھا، پورا خاندان اسی میں سو رہا تھا۔ رات تقریباً 2 بجے اچانک چھت گر گئی اور یہ حادثہ پیش آیا۔


وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اس حادثے کا نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے سوگوار اہل خانہ سے تعزیت کی۔ وزیر اعلیٰ نے سینئر حکام کو موقع پر پہنچ کر راحت و بچاؤ کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔ انھوں نے زخمیوں کے مناسب علاج کو یقینی بنانے اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے رابطہ کر کے انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے بھی احکامات صادر کیے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔