کشیدگی کے باوجود ’آبنائے ہرمز‘ سے گزرے 10 ہندوستانی جہاز، حکومت نے فراہم کی معلومات

ایک ہندوستانی جھنڈے والا خام تیل ٹینکر ’دیش گریما‘ جس میں 31 ہندوستانی بحری عملہ کے اہلکار سوار تھے، 18 اپریل کو بہ حفاظت آبنائے ہرمز پار کر چکا ہے۔ اس جہاز کے 22 اپریل کو ممبئی پہنچنے کی امید ہے۔

<div class="paragraphs"><p>آبنائے ہرمز (فائل فوٹو)</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے درمیان ہندوستانی جہاز مسلسل ’آبنائے ہرمز‘ سے آ رہے ہیں۔ حکومت نے اس کے متعلق خود جانکاری دی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے پیر (20 اپریل) کو ایک انٹر-منسٹری پریس کانفرنس میں بتایا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی شروع ہونے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 10 ہندوستانی جھنڈے والے جہاز آبنائے ہرمز سے گزر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز میں پھنسے ہندوستانی جہازوں میں سے، حکومت ملک میں کوکنگ گیس کی بھاری کی کمی کو دیکھتے ہوئے ایل پی جی ٹینکروں کو پہلے نکالنے پر توجہ دے رہی ہے۔ کئی ایل پی جی ٹینکروں کو بحفاظت راستہ مل چکا ہے، لیکن مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کی وجہ سے ہندوستان میں کھانا پکانے والی گیس کی کمی کی صورتحال اب بھی برقرار ہے۔


ایک ہندوستانی جھنڈے والا خام تیل ٹینکر ’دیش گریما‘ جس میں 31 ہندوستانی بحری عملہ کے اہلکار سوار تھے، 18 اپریل کو محفوظ طریقے سے آبنائے ہرمز پار کر چکا ہے۔ اس جہاز کے 22 اپریل کو ممبئی پہنچنے کی امید ہے۔ اس درمیان ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت ڈووال نے 19 اپریل کو سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا۔ وہاں انہوں نے سعودی عرب کے سرکردہ حکام سے ملاقات کی، جن میں وزیر توانائی شہزادہ عبد العزیز بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مسعد العیبان شامل تھے۔ رندھیر جیسوال نے بتایا کہ ان لیڈران نے دو طرفہ تعلقات، علاقے کی صورتحال اور دوسرے اہم مسائل پر بات چیت کی۔

پٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت کی جوائنٹ سکریٹری سجاتا شرما نے بتایا کہ ہندوستان میں ایل پی جی کی قلت کے درمیان حکومت نے مارچ 2026 سے اب تک 4.93 لاکھ سے زائد پی این جی کنکشن دیے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 5.50 لاکھ سے زائد لوگوں نے نئے کنکشن کے لیے رجسٹریشن کرایا ہے۔ سرکاری تیل کمپنیوں کی جانب سے گزشتہ ایک ہفتہ میں آٹو ایل پی جی کی اوسط فروخت تقریباً 350 ٹن یومیہ رہی، جبکہ فروری میں یہ اوسط 177 ٹن یومیہ تھی۔ حکومت کے مطابق 19 اپریل تک تقریباً 39200 پی این جی صارفین نے اپنے ایل پی جی کنکشن سرنڈر کر دیے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔