’اردو زبان کی شیرینی دنیا کی تمام زبانوں کے بولنے والوں کو اپنا ہمنوا بنا لے گی‘

اس پروگرام میں ڈاکٹر سلیم خان کے افسانوی مجموعہ’’چوسر کا محور‘‘ کا اجرا بھی عمل میں آیا جو قومی اردو کونسل کی مالی امداد سے شائع ہوا ہے۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز
user

یو این آئی

ابوظہبی: قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے اردو کی نئی بستیوں میں مہجری ادیب اردو کے فروغ کے لئے جس طرح کوشاں ہیں اور جس طرح اپنی تخلیقات کی خوشبو پوری دنیا میں بکھیر رہے ہیں اس کے مدنظر یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ اردو زبان کی شیرینی اور مٹھاس دنیا کے تمام زبانوں کے بولنے والوں کو اپنا ہم نوا بنا لے گی۔

یہ بات انہوں نے ابوظہبی عالمی کتاب میلے میں کل شام قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان اور نیشنل بک ٹرسٹ کے اشتراک سے منعقدہ شام افسانہ میں خیر مقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب داغ دہلوی کا یہ ترمیم شدہ مصرع سچ ہوجائے گا کہ ’’سارے جہاں میں دھوم ہماری زبان کی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ آج کی اس شام افسانہ میں متحدہ عرب امارات میں مقیم مہجری افسانہ نگاروں نے اپنے دلکش اور معیاری افسانوں سے سبھی سامعین کو محظوظ کیا۔


انھوں نے متحدہ عرب امارات کے ادیبوں شاعروں اور اردوکے چاہنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آئندہ بین الاقوامی کتاب میلے میں عالمی سطح کا مشاعرہ، افسانہ خوانی اور سمپوزیم کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ہزاروں کی تعداد میں سامعین شریک ہوں گے۔

’اردو زبان کی شیرینی دنیا کی تمام زبانوں کے بولنے والوں کو اپنا ہمنوا بنا لے گی‘

واضح رہے کہ کل ابوظہبی بین الاقوامی کتاب میلے میں قومی کونسل برائے فروغ اردوزبان اور نیشنل بک ٹرسٹ کے اشتراک سے ایک پروگرام ’شام افسانہ‘ منعقد کیا گیا جس میں قومی اردوکونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے شامِ افسانہ میں شامل تمام افسانہ نگاروں اور سامعین کا خیرمقدم کیا تھا۔

شام افسانہ کی صدارت ڈاکٹر سلیم خان نے کی جب کہ نظامت جناب سید سروش آصف نے کی۔ جن افسانہ نگاروں نے شام افسانہ میں شرکت کی ان میں ڈاکٹر سلیم خان، جناب شاداب الفت، جناب ملند ونود، جناب ڈاکٹر اصغر کمال، نیہا شرما، نِتن اُپادھیائے وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ اس پروگرام میں ڈاکٹر سلیم خان کے افسانوی مجموعہ’’چوسر کا محور‘‘ کا اجرا بھی عمل میں آیا جو قومی اردو کونسل کی مالی امداد سے شائع ہوا ہے۔ پروگرام کے آخر میں صدر محفل ڈاکٹر سلیم خان نے اپنے صدارتی خطاب میں پڑھے گئے تمام افسانوں کا جائزہ پیش کیا۔ شام افسانہ میں اردو کے تقریباً ایک سو ادیب موجود تھے۔


آخر میں کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹرشیخ عقیل احمد اور این بی ٹی کے پبلیکیشن آفیسر شمس اقبال نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ شام افسانہ کے انعقاد میں اراکین بزم اردو اور اس کے بانی و سکریٹری ریحان خان اور شاعر و افسانہ نگار شاداب الفت کا تعاون شامل رہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔