آئی پی ایل: ممبئی انڈینز نے 20 اوور میں بنائے 162 رن، پہلے ہی اوور میں چنئی سپر کنگز کا پہلا وکٹ آؤٹ

کپتان روہت شرما اور ڈی کوک نے ممبئی انڈینز کو جیسی شروعات دی تھی، اس سے امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ٹیم کا اسکور 190 کے آس پاس جائے گا، لیکن دونوں ہی اوپنر کے آؤٹ ہونے کے بعد رن ریٹ نیچے چلا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

آئی پی ایل کے تیرہویں سیزن میں پہلا میچ ممبئی انڈینز اور چنئی سپر کنگز کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ ممبئی انڈینز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے چنئی سپر کنگز کے سامنے جیت کے لیے 163 رنوں کا نشانہ دیا ہے۔ حالانکہ جس طرح کی تیز شروعات کپتان روہت شرما (12 رن) اور کوئنٹن ڈی کوک (33 رن) نے ممبئی انڈینز کو دی تھی، اس سے امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ٹیم کا اسکور 190 کے آس پاس جائے گا، لیکن دونوں ہی اوپنر کے پانچویں اور چھٹے اوور میں آؤٹ ہونے کے بعد رن ریٹ کچھ نیچے چلا گیا۔

سوریہ کمار یادو (17 رن) نے کچھ بہترین شاٹ ضرور لگائے لیکن سوربھ تیواری نے 42 رن کی بہترین پاری کھیل کر ممبئی انڈینز کو اچھا سہارا دیا۔ لیکن جب ممبئی انڈینز کی ٹیم بڑے اسکور کی طرف بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی تھی، فیف ڈوپلیسس نے باؤنڈری لائن پر ان کا بہترین کیچ پکڑ کر چنئی سپر کنگز کی بڑی کامیابی دلائی۔ سوربھ تیواری کے بعد اچھے رنگ میں نظر آ رہے ہارڈک پانڈیا (14 رن) بھی ڈوپلیسس کے بہترین کیچ کی وجہ سے پویلین لوٹ گئے۔ ان کے بعد صرف کیرن پولارڈ (18 رن) اور پیٹنسن (11 رن) ہی دوہرے ہندسہ تک پہنچ سکے۔


چنئی سپر کنگز کی جانب سے سب سے پہلے تو پیوش چاؤلہ (4 اوور 21 رن 1 وکٹ) نے خطرناک نظر آ رہے روہت شرما کو جلدی آؤٹ کیا، اور پھر سیم کرن (4 اوور 28 رن 1 وکٹ) نے کوئنٹن ڈی کوک کو آؤٹ کیا۔ لنگی اینگیڈی نے سب سے زیادہ 3 وکٹ (4 اوور 38 رن) لیے۔ رویندر جڈیجہ کو 2 وکٹ (4 اوور 42 رن) حاصل ہوا اور دیپک چہر بھی 2 وکٹ (4 اوور 32 رن) لینے میں کامیاب ہوئے۔

چنئی سپر کنگز کی بلے بازی شروع ہو چکی ہے اور شین واٹسن کے ساتھ مرلی وجے اوپننگ کے لیے اترے ہیں۔ ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما نے پہلا اوور کرنے کے لیے تیز گیندباز ٹرینٹ بولٹ کو گیند تھمایا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انھوں نے پہلے اوور کی آخری گیند پر چنئی سپر کنگز کو زبردست جھٹکا دیتے ہوئے شین واٹسن کو آوٹ کر دیا ہے۔ واٹسن محض 4 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔