آئی پی ایل میچ نمبر 47: وارنر-ساہا کے طوفان میں تباہ ہو گئی دہلی، حیدر آباد 88 رن سے فتحیاب

حیدر آباد نے دہلی کے سامنے جیت کے لیے 220 رنوں کا ہدف رکھا تھا لیکن شریئس ایر کی کپتانی والی دہلی 19 اوور میں محض 131 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

سنرائزرس حیدر آباد نے پلے آف میں جگہ بنانے کی امیدوں کو زندہ رکھتے ہوئے آج دہلی کیپٹلز کو 88 رن سے بڑی شکست دی۔ دہلی جو کہ دو پوائنٹ حاصل کر پلے آف میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بننے کا خواب دیکھ رہی تھی، ان کے خوابوں کو پہلے تو حیدر کے کپتان ڈیوڈ وارنر اور ردھیمان ساہا کی سلامی جوڑی نے طوفانی بلے بازی سے دھچکا پہنچایا، اور پھر راشد خان کی دھاردار گیندبازی نے تابوت پر آخری کیل کا کام کیا۔

دہلی کیپٹلز کے کپتان شریئس ایر نے آج ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا اور ان کا فیصلہ پورے میچ کے دوران کبھی بھی درست ثابت ہوتا ہوا نظر نہیں آیا۔ حیدر آباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر اور ردھیمان ساہا کی سلامی جوڑی نے 9.4 اوور میں 107 رن کی تیز طرار شراکت داری کی، اور قابل غور بات یہ ہے کہ آئی پی ایل کے اس سیزن میں پاور پلے (شروعاتی چھ اوور) میں سب سے زیادہ 77 رن کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔


بہر حال پہلا وکٹ کپتان وارنر کا گرا جنھوں نے 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 34 گیندوں پر 66 رن کی اننگ کھیلی، اور پھر دوسرا وکٹ ردھیما ساہا کی شکل میں گرا جنھوں نے 2 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 45 گیندوں پر 87 رن بنائے۔ اس کے بعد حیدر آباد کا مزید کوئی وکٹ نہیں گرا۔ جب ساہا آؤٹ ہوئے تو اس وقت ٹیم کا اسکور 14.3 اوور میں 170 رن تھا۔ ساہا نے منیش پانڈے کے ساتھ 63 رنوں کی شراکت داری کی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ 50 سے زائد رن تنہا ساہا نے ہی بنائے۔ ساہا کے آؤٹ ہونے کے بعد منیش پانڈے نے تیز کھیلنا شروع کیا اور 31 گیندوں پر 1 چھکا و 4 چوکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 44 رن بنائے۔ ولیمسن 10 گیندوں پر 11 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ مقررہ 20 اوور میں حیدر آباد نے 2 وکٹ کے نقصان پر 219 رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا جسے عبور کرنا دہلی کے لیے آسان نہیں تھا۔

دہلی کی طرف سے اس سیزن میں سب سے کامیاب گیندباز رہے کگیسو رباڈا آج سب سے زیادہ خرچیلے ثابت ہوئے اور انھیں کوئی وکٹ بھی حاصل نہیں ہوا۔ رباڈا نے 4 اوور میں 54 رن دیے۔ 1 وکٹ نارخیا (4 اوور میں 37 رن) اور 1 وکٹ روی چندر اشون (3 اوور میں 35 رن) کو حاصل ہوا۔ بقیہ گیندبازوں کو کوئی وکٹ نہیں ملا۔ اکشر پٹیل نے 4 اوور میں 36 رن، تشار دیشپانڈے نے 3 اوور میں 35 رن اور مرکس اسٹوئنس نے 2 اوور میں 15 رن دیے۔


دہلی کی بلے بازی جب شروع ہوئی تو پہلا جھٹکا پہلے اوور کی تیسری ہی گیند پر شکھر دھون کی شکل میں لگا جو بغیر کوئی رن بنائے سندیپ شرما کا شکار ہو گئے۔ مرکس اسٹوئنس بھی محض 5 رن بنا کر دوسرے اوور میں پویلین لوٹ گئے۔ سلامی بلے باز اجنکیا رہانے اور سمرن ہٹمایر نے تیزی سے رن بنانے کی کوشش کی، لیکن اسپن کے جادوگر راشد خان نے ان دونوں کو اپنے پہلے ہی اوور میں آؤٹ کر دہلی کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ پہلے ہٹمایر 16 کے انفرادی اسکور پر بولڈ ہوئے، اور پھر اجنکیا 19 گیندوں پر 26 رن بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت دہلی کا اسکور 6.5 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر 55 رن تھا۔

امید کی جا رہی تھی کہ کپتان شریئس ایر اور رشبھ پنت کوئی کرشمہ دکھائیں گے، لیکن حیدر آباد کی بہترین گیندبازی کے سامنے وہ بھی کچھ نہیں کر سکے۔ کپتان شریئس ایر 7 رن بنا کر وجے شنکر کی گیند پر ولیمسن کوآسان کیچ تھما بیٹھے۔ جلد ہی اکشر پٹیل نے محض 1 رن بنا کر راشد خان کا شکار ہو گئے۔ سولہویں اوور کی آخری گیند پرکگیسو رباڈا (3 رن) بھی بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں نٹراجن کی یارکر کو سنبھال نہیں سکے اور بولڈ ہو گئے۔ اگلی ہی گیند پر کافی دیر سے جدوجہد کر رہے رشبھ پنت بھی 35 گیندوں پر 36 رن (1 چھکا 3 چوکے) بنا کر آؤٹ ہو گئے اور اس کے ساتھ ہی ایک طرح سے دہلی کی امیدیں بھی ختم ہو گئیں۔


آخر میں تشار پانڈے نے کچھ اچھے ہاتھ دکھائے اور 9 گیندوں پر 1 چھکا و 2 چوکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 20 رن بنائے، لیکن دوسری طرف روی چندرن اشون 5 رن بنا کر اور نارخیا 1 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے، گویا کہ پوری ٹیم 19 اوور میں ہی 131 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ یہ دہلی کی لگاتار تیسری شکست ہے۔

حیدر آباد کی طرف سے گیندبازی میں آج ایک بار پھر راشد خان ہیرو رہے جنھوں نے 4 اوور میں محض 7 رن دے کر 3 وکٹ حاصل کیے۔ 2-2 وکٹ سندیپ شرما اور ٹی نٹراجن کو حاصل ہوئے جنھوں نے 4-4 اوور میں بالترتیب 27 اور 26 رن دیے۔ 1-1 وکٹ شہباز ندیم، جیسن ہولڈر اور وجے شنکر کو ملا جنھوں نے بالترتیب 1 اوور میں 8 رن، 4 اوور میں 46 رن اور 1.5 اوور میں 11 رن دیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔